بجرنگ دل پر پابندی لگانا ناممکن: بومئی

   

Ferty9 Clinic

ہبلی (کرناٹک): بجرنگ دل پر پابندی لگانے پرکانگریس کے منشور پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کرناٹک کے چیف منسٹر بسواراج بومئی نے کہا کہ وہ کسی بھی قیمت پر بجرنگ دل پر پابندی نہیں لگا سکتے کیونکہ یہ حق ریاستی حکومت کے پاس نہیں ہے۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجرنگ دل ایک آل انڈیا تنظیم ہے اور ریاستی حکومت اس پرکیسے پابندی لگا سکتی ہے؟ کانگریس نے صرف سماج میں پریشانی پیدا کرنے کے لیے تنظیم پر پابندی لگانے کی بات کہی ہے۔ کانگریس کا انتخابی منشور عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے دھوکہ دہی کا منشور ہے لیکن ووٹر اس دستاویزکو یکسر مسترد کر دیں گے، بومئی نے کہاکانگریس نے بی جے پی حکومت کے ذریعہ کئے گئے کاموں کو اپنے انتخابی منشور میں شامل کیا ہے۔ یہ جھوٹ سے بھرا ہوا ہے اورکانگریس پارٹی نے اپنے منشور میں کئے گئے تمام وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے 6 لاکھ کروڑ روپے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے پروگراموں جیسے ہرگھر تک پینے کا پانی فراہم کرنا اور طالبات کے لیے مفت بس پاس کا بجٹ میں اعلان کیا گیا ہے۔ کانگریس نے کوٹہ بڑھا کر75 فیصد کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ وہ یہ کیسے کرسکتے ہیں؟ مرکز میں کانگریس کی حکومت ہے یا نہیں۔ انہوں نے پسماندہ طبقات کی بہتری کے لیے کارپوریشنزکے قیام کا یقین دلایا ہے لیکن بی جے پی حکومت پہلے ہی اس کا اعلان کر چکی ہے اور احکامات بھی جاری کر چکی ہے انہوں نے وضاحت کی۔