بجرنگ دل کی ہتھیاروں کے ساتھ ٹریننگ ، کرناٹک میں کیمپ

,

   

بغیر اجازت ہتھیار چلانے کی تربیت کے معاملہ میں کارروائی کرنے کا مطالبہ، تاحال کوئی مقدمہ درج نہیں

حیدرآباد۔17۔مئی۔(سیاست نیوز) بجرنگ دل کارکنوں کو ہتھیار چلانے کی تربیت کی سوشل میڈیا پر تصاویر گشت کرنے کے بعد مختلف گوشوں سے بجرنگ دل کی سرگرمیوں پر پابندی لگانے اور بغیر کسی اجازت کے ہتھیار چلانے کی تربیت دینے کے معاملہ میں کاروائی کا مطالبہ کیاجا رہاہے لیکن تاحال اس سلسلہ میں کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا ۔ بتایاجاتا ہے کہ 5مئی تا 11مئی کے دوران بجرنگ دل نے ریاست کرناٹک کے ضلع کوڈگو میں سائی شنکر اسکول کے احاطہ میں ’’شوریہ پرشکشنا ورگا‘‘کے نام سے ہتھیار چلانے اور طاقت کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی اور اس پروگرام کے دوران کئی ارکان اسمبلی اور ارکان قانون سازکونسل نے بھی شرکت کی ۔سوشل میڈیا پر اس تقریب کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد مختلف تنظیموں کی جانب سے بجرنگ دل کی اس طرح کی تربیت پر پابندی عائد کرنے کے علاوہ بغیر اجازت کے ہتھیار چلانے کی تربیت دیئے جانے پر کاروائی کا مطالبہ کیاجانے لگا ہے لیکن ا س کے باوجود اب تک کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ویراج پیٹ نے اس سلسلہ میں دریافت کئے جانے پر کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر اور بجرنگ دل کے اس پروگرام کے متعلق کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے پروگرام کے سلسلہ میں اجاز ت کے متعلق دریافت کرنے پر کہا کہ ائیر گن کے استعمال یا اس طرح کے پروگرام کے لئے کوئی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔ ایس ڈی پی آئی نے بجرنگ دل کے اس پروگرام کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شوریہ پرشکشنا ورگا کے نام پر بجرنگ دل نوجوانوں میں نفرت اور دہشت گردی کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ ایس ڈی پی آئی کے ذمہ داروں نے کہا کہ ریاستی پولیس انتظامیہ کو فوری طور پر اس طرح کے پروگرامس میں حصہ لینے والوں اور اس طرح کے پروگرام کا انعقاد کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرنی چاہئے ۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں کئی نوجوانوں کو بندوق چلاتے ہوئے دکھا یا گیا ہے جبکہ دوسری تصاویر میں ہاتھوں میں ترشول لئے ہوئے بھی کئی نوجوان نظر آرہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر کرناٹک کے اسکول کے احاطہ میں ہونے والے اس پروگرام پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کئی تبصرے کئے جارہے ہیں جن میں حجاب معاملہ میں اختیار کردہ رویہ اور اب اسکول کے احاطہ میں دہشت گردی کے فروغ کے لئے نوجوان نسل کو ہتھیار چلانے کی تربیت شامل ہے۔