بجٹ میں آندھرا پردیش سے ناانصافی، وجئے سائی ریڈی کا الزام

   

مرکز نے وعدوں کی تکمیل نہیں کی، لوک سبھا میں آواز اُٹھائی جائے گی
حیدرآباد۔/5 جولائی، ( سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارلیمانی پارٹی کے قائد وی وجئے سائی ریڈی نے مرکزی بجٹ کو مایوس کن قرار دیا اور کہا کہ آندھرا پردیش کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے۔ بجٹ کی پیشکشی کے بعد نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وجئے سائی ریڈی نے کہا کہ بجٹ میں آندھرا پردیش کو خصوصی موقف دیئے جانے کا کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا۔ آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون میں جو وعدے کئے گئے تھے ان کے بارے میں بجٹ خاموش ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت نے آندھرا پردیش کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ وجئے سائی ریڈی نے کہا کہ آندھرا پردیش کیلئے بجٹ میں کچھ نہیں ہے جبکہ جگن موہن ریڈی نے وزیر اعظم سے ملاقات کرتے ہوئے آندھرا پردیش کے مسائل کے سلسلہ میں نمائندگی کی تھی۔ خاص طور پر آندھرا پردیش کو خصوصی موقف کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کو بجٹ میں زائد فنڈز کی اجرائی کے سلسلہ میں بھی مرکزی حکومت نے اپنا موقف واضح نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں کے تساہل کے نتیجہ میں آندھرا پردیش 60 ہزار کروڑ کے مالیاتی خسارہ کا شکار ہوچکا ہے۔ وائی ایس آر حکومت نے مرکزی بجٹ سے کافی توقعات وابستہ کی تھی اور اُمید تھی کہ ریاست کے ساتھ ہر ممکن مدد کی جائے گی ۔ مرکزی حکومت نے اس سلسلہ میں تیقن دیا تھا لیکن بجٹ میں اس کی تکمیل نہیں کی گئی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کی نمائندگی پر کئے گئے وعدوں کو مرکز نے برقرار نہیں رکھا ہے۔ پولاورم اور امراوتی کے سلسلہ میں بجٹ مختص کرنے کا کوئی ذکر شامل نہیں ہے۔ وجئے سائی ریڈی نے کہا کہ آندھرا پردیش کے مفادات کے تحفظ کیلئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کسی بھی جدوجہد کیلئے تیار ہے۔ آندھرا پردیش سے کی گئی ناانصافیوں کو پارلیمنٹ میں موضوع بحث بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے آندھرا پردیش سے انصاف کے حصول کے عنوان پر کامیابی حاصل کی ہے اور وہ مقصد میں تکمیل تک خاموش نہیں رہے گی۔ آندھرا پردیش حکومت نے مرکز سے جن اُمور کے سلسلہ میں نمائندگی کی تھی ان میں وجئے واڑہ ۔ وشاکھا میٹرو ریل کیلئے فنڈز کی فراہمی، مختلف اسکیمات کیلئے فنڈز کی فراہمی، ڈاکرا گروپس کو امداد کی فراہمی جیسے اُمور شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں سرمایہ کاری کو واپس لینے کا فیصلہ انتہائی راز داری سے کیا گیا ہے۔ وجئے سائی ریڈی نے کہا کہ سوچھ بھارت اسکیم پر توقع کے مطابق عمل آوری نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے این آر آئیز کو آدھار کارڈ کی اجرائی فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے چھوٹے کسانوں کو پنشن اور ہر ایک کیلئے ہاوزنگ اسکیم کو قابل ستائش قرار دیا۔ وجئے سائی ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت کو آندھرا پردیش کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے مجبور کیا جائے گا۔