محکمہ جات کی تجاویز پر غور، حکومت کی ترجیحات کو زائد منظوری کا امکان
حیدرآباد ۔13۔فروری (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے بجٹ 2025-26 کی تیاریوں کے سلسلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا اور مختلف محکمہ جات کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا ۔ وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے ہمراہ اجلاس میں محکمہ جات ، فینانس اور آر اینڈ بی کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ بجٹ میں عمارات و شوارع کیلئے فنڈس کی منظوری کے سلسلہ میں عہدیداروں نے تجاویز پیش کی۔ اجلاس میں جاریہ سال مختص کردہ بجٹ کے خرچ کا جائزہ لیا گیا ۔ تمام محکمہ جات سے تجاویز کی وصولی کے بعد حکومت بجٹ کو قطعیت دے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ بجٹ سیشن مارچ کے پہلے یا دوسرے ہفتہ میں منعقد ہوگا۔ بھٹی وکرمارکا نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ بجٹ کی تیاری میں حکومت کی اسکیمات اور دیگر ترجیحات کو پیش نظر رکھیں۔ حکومت نے 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کیا ہے ، لہذا مذکورہ اسکیمات کیلئے بجٹ کو ترجیح رہے گی۔ تمام سرکاری محکمہ جات نے اسکیمات کے علاوہ ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات کی تفصیلات حکومت کو پیش کردی ہیں۔ محکمہ جات ، زراعت ، دیہی ترقی ، شہری ترقی ، بہبودی خواتین و اطفال اور سیول سپلائیز کی تجاویز کا جائزہ مکمل ہوچکا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے محکمہ فینانس کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ حکومت کی اسکیمات کو پیش نظر رکھتے ہوئے فنڈس مختص کریں۔ جاریہ سال محکمہ فینانس نے فلاحی اسکیمات کا بجٹ جاری کیا جبکہ ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں بجٹ کی اجرائی سے محکمہ جات میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ 1