مناما ؍ عمان : بحرین نے فضائی مسافروں پر پی سی آر ٹسٹ کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ فیصلے پرعمل درآمد اتوار 20 فروری 2022 سے کیا جائے گا۔بحرینی نیوز ایجنسی ’بنا‘ کے مطابق سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ بحرین آنے والے مسافروں کیلیے ضوابط میں تبدیلی کرتے ہوئے کورونا کی وبا کیحوالے سے احتیاطی تدابیر کے تحت لازمی پی سی آر ٹسٹ کی شرط ختم کی جارہی ہے۔سول ایوی ایشن کا مزید کہنا ہے کہ ادارہ امور صحت کی جانب سے جاری رپورٹ کی روشنی میں فضائی راستے سے بحرین آنے والے تمام مسافروں پرعائد پی سی آر قرنطینہ کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اردن نے کورونا وبا کی موجودہ لہر ختم ہوتے ہی بچاؤ کے لیے مقررہ بیشتر پابندیاں ختم کردیں۔ اخبار 24 کے مطابق اردنی حکومت کے ترجمان فیصل الشبول نے کہا ہے کہ باہر سے آنے والے مسافروں کو ’پی سی آر‘ کے بغیر ملک میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی۔کورونا کے مریضوں سے ملنے والوں پر قرنطینہ کی پابندی منسوخ کردی گئی۔ آئندہ بیرون ملک سے آنے والے اردنی شہریوں اور غیرملکیوں میں سے کسی سے بھی پی سی آر ٹسٹ رپورٹ طلب نہیں کی جائے گی۔ فیشل الشبول نے توجہ دلائی کہ تقریبات، اجتماعات اور سماجی پروگراموں میں شرکت کے لیے کورونا ٹسٹ کی پابندی بھی ختم کردی گئی۔ البتہ سرکاری اور نجی اداروں میں جانے کے لیے ویکسین کی دونوں خوراکوں کا ہونا لازمی ہے۔ یہ پابندی برقرار ہے۔