بحریہ کے 8 سابق عہدیداروں کی درخواست منظور

   

قطر میں سزائے موت کے خلاف سماعت جلد ہوگی

دوحہ: قطر کی عدالت نے 8 سابق ہندوستانی بحریہ کے عہدیداروں کی سزائے موت کے خلاف درخواست منظور کر لی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کیس کی سماعت کی تاریخ کا بھی جلد فیصلہ کیا جائے گا۔ہندوستانی حکومت نیسابق بحریہ کے عہدیداروں کی سزا کے خلاف 15 روز قبل اپیل کی تھی۔ تاہم اس معاملے میں قطر یا ہندوستانی حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے 9 نومبر کو اپیل دائر کرنے کی اطلاع دی تھی۔ انہوں نے کہا تھاکہ ہندوستان کو ان فوجیوں سے ملنے کیلئے دوسری قونصلر رسائی بھی ملی ہے۔ ہندوستانی حکومت قطر کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ یہ بہت حساس معاملہ ہے۔ ارندم باغچی کے مطابق سابق بحریہ (میرینز) کے اہل خانہ کی جانب سے سزائے موت کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی گئی ہے۔ قطر میں جن 8 سابق بحریہ افسران کو موت کی سزا سنائی گئی ہے ان میں کیپٹن نوتیج سنگھ گل، کیپٹن سوربھ وشیشتھا، کیپٹن بیرندر کمار ورما، کمانڈر پورنیندو تیواری، کمانڈر سوگناکر پکالا، کمانڈر سنجیو گپتا، کمانڈر امیت ناگپال اور سیلر راگیش شامل ہیں۔26 اکتوبر کو قطر کی ایک عدالت نے 8 سابق ہندوستانی بحریہ کے عہدیداروں( میرینز) کو موت کی سزا سنائی۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق آٹھ ہندوستانیوں پر اسرائیل کیلئے جاسوسی کا الزام ہے۔ الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق ان آٹھوں پر قطر کی آبدوز کے منصوبے سے متعلق معلومات اسرائیل کو دینے کا الزام ہے۔تاہم قطر نے ابھی تک ان الزامات کو منظر عام پر نہیں لایا ہے۔ 30 اکتوبر کو 8 سابق بحریہ کے عہدیداروں کے اہل خانہ نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات کی تھی۔ ذرائع کے مطابق ہندوستان قطر کو راضی کرنے کیلئے ترکیہ کی مدد لے رہا ہے۔