1165 ڈاکٹرس کے تقررات کیلئے عنقریب اعلامیہ
حیدرآباد ۔ 12 نومبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے وزارت صحت کا قلمدان قبول کرنے کے ایک سال کی تکمیل پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے محکمہ صحت کو انقلابی ترقی دینے اور عوام کو بالخصوص دیہی عوام کو طبی سہولتوں کو فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ ڈائگناسٹک مراکز کے ذریعہ تاحال 37.20 لاکھ افراد کے 6.46 کروڑ ٹسٹ کئے گئے ہیں۔ اسٹاف نرس اور 1165 اسپیشلسٹ ڈاکٹرس کے تقررات کیلئے بہت جلد نوٹیفکیشن جاری کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ مرکز کی جانب سے ملک بھر میں 157 میڈیکل کالجس منظور کئے گئے ہیں مگر تلنگانہ کو ایک بھی میڈیکل کالج منظور نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ ابھی بھی مرکز کی جانب سے تلنگانہ کو میڈیکل کالجس منظور کئے جاتے ہیں تو حکومت کی جانب سے اس کو قبول کرلیا جائے گا۔ وہ خود ضروری دستاویزات کے ساتھ دہلی پہنچنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے مرکزی وزیرسیاحت جی کشن ریڈی سے استفسار کیا کہ کیا وہ اس معاملے میں تلنگانہ کی مدد کرنے کیلئے تیار رہیں گے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ 10 ماہ کے دوران ویدیاودھنا پریشد ہاسپٹلس میں 2.30 لاکھ آپریشنس ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی ایک کروڑ عوام کو آوٹ پیشنٹ کو طبی خدمات فراہم کی گئی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ عوامی خدمات انجام دیتے ہوئے انہیں بے حد خوش ہورہی ہے۔ 8 گورنمنٹ میڈیکل کالجس کا بیک وقت 15 نومبر کو آغاز کیا جارہا ہے۔ ورنگل کو میڈیکل ہب کے طور پر ترقی دینے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کیلئے ڈاکٹرس اور طبی عملہ کے تقررات پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ن