گاندھی نگر، 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بحیرہ عرب میں اٹھنے والا طوفان ‘مہا’ اب کمزور ہوکر صرف تیز دباؤ میں تبدیل ہو گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کی آج صبح جاری بلیٹن کے مطابق آج شام تک یہ اور کمزور ہوکر صرف معمول کے دباؤ میں تبدیل ہو جائے گا۔ صبح ساڑھے پانچ بجے یہ گجرات کے پوربندر سمندر سے 200 کلومیٹر جنوب ،جنوب مغرب میں، ویراول سے 150 کلومیٹر مغرب ،جنوب مغرب اور قریبی مرکز کے زیر انتظام دیو کے ساحل سے 180 کلومیٹر مغرب، جنوب مغرب میں واقع تھا۔ اس کے اثر سے ریاست بھر میں بادل چھایا ہوا ہے اور کئی مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش ہوئی ہے ۔ آج صبح دس بجے تک 55 تعلقہ میں بارش ہوئی ہے جس میں سب سے زیادہ سورت کے امرپاڈا میں 53 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے ۔ دیو میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ گر سومناتھ، امریلی، بھاؤنگر، جونا گڑھ اور دیو میں اگلے 24 گھنٹے کے دوران بھاری بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے ۔ طوفان کے شدید دباؤ میں بدل جانے سے ہواؤں کی رفتار بھی اب پہلے کے مقابلے میں کم یعنی 65 سے 75 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رہنے کا امکان ہے ۔ دیو میں، ساحلی علاقوں سے تقریبا 1500 افراد کو منتقل کیا گیا ہے ۔