بدسلوکی ناقابل قبول، غلطی پر کارروائی کی ہدایت :مودی

,

   

نئی دہلی 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیج کو نقصان پہنچانے والی حرکتوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ سے لے کر ہر چھوٹا بڑا کوئی بھی کارکن اگر غلط کام کرتا ہے تو اس پر کارروائی ہونی چاہئے ۔وزیر اعظم نے منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہاوس کے احاطے میں بی جے پی پارلیمانی پارٹی کی پہلی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ اور ترجمان راجیو پرتاپ روڈی نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ کسی بھی طرح کا گھمنڈ’ غرور یا بدسلوکی ’ جس سے پارٹی کے امیج کو نقصان پہونچتا ہو’ ناقابل قبول ہے اور اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ۔وزیر اعظم نے یہ تبصرہ بی جے پی کے جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ کے ممبر اسمبلی بیٹے آکاش وجے ورگیہ کے اندور میونسپل کارپوریشن کے افسر کو بلے سے مارنے کے واقعہ کے پس منظر میں کیا تھا۔ذرائع کے مطابق میٹنگ میں ممبران پارلیمنٹ نے وزیر اعظم اور بی جے پی کے کارگذار صدر جے پی نڈا کا خیر مقدم کیا۔ وزیر اعظم نے ممبران پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ وہ 6جولائی سے شروع ہونے والے رکنیت مہم میں سرگرمی سے حصہ لیں۔انہوں نے کہا کہ ہر بوتھ میں کم سے کم پانچ درخت بھی لگائے جائیں۔ انہوں نے ممبران پارلیمنٹ سے جل شکتی مہم میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور لوگوں کو پانی بچانے کے تئیں بیدار کرنے میں اپنا رول ادا کرنے کی بھی اپیل کی۔میٹنگ میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ’ بی جے پی صدر امیت شاہ اور بی جے پی رکنیت مہم کے قومی کنوینر شیو راج سنگھ چوہان بھی موجود تھے ۔