کانگریس قائد مدھو یاشکی گوڑ کا تاثر، کالیشورم پراجکٹ میں بے قاعدگیوں پر راؤنڈ ٹیبل اجلاس
حیدرآباد ۔ 15۔ مئی (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق رکن پارلیمنٹ مدھو یاشکی گوڑ نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی بے قاعدگیوں اور فارمولہ ای ریسنگ کیس میں سابق چیف منسٹر کے سی آر اور سابق وزیر کے ٹی آر کو گرفتار نہیں کیا گیا تو کانگریس کا حشر بھی بی آر ایس کی طرح ہوجائے گا۔ کانگریس کی انتخابی مہم کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ نے کہا کہ بے قاعدگیوں کے سلسلہ میں حکومت کو سابق وزراء اور دوسروں کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی میں ملوث انجنیئرس کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں سزا دینا کافی نہیں ہے بلکہ انجنیئرس کو ہدایت دینے والے وزراء اور چیف منسٹر کو بھی سزا دینا ضروری ہے۔ مدھو یاشکی گوڑ نے کہا کہ نیشنل ڈیم سیفٹی اتھاریٹی نے اپنی رپورٹ میں کالیشورم پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کو بے نقاب کیا تھا۔ مدھو یاشکی گوڑ نے جلا سادھنا سمیتی کی جانب سے سوماجی گوڑ ہ پریس کلب میں منعقدہ راؤنڈ ٹیبل کانفرنس میں شرکت کی جو کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں بے قاعدگیوں کے موضوع پر منعقد کی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں پانی ، روزگار اور وسائل میں ناانصافی کے خلاف جدوجہد کی گئی تھی لیکن نئی ریاست کے قیام کے بعد کے سی آر حکومت نے بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کے ذریعہ ریاست کو مقروض بنادیا۔ مدھو یاشکی گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی تشکیل کو دیڑھ سال مکمل ہوچکا ہے اور مزید ساڑھے تین سال باقی ہیں، مرکز میں نریندر مودی حکومت کی بے قاعدگیوں کے حلاف راہول گاندھی جدوجہد کر رہے ہیں۔ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ سابق بی آر ایس حکومت کی بے قاعدگیوں کو اجاگر کریں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو یہ ذمہ داری قبول کرنی چاہئے۔ مدھو یاشکی گوڑ نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر حکومت کو توجہ دلاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی بے قاعدگیوں پر حکومت کو کارروائی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ماہرین کے ساتھ وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی اور چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے کالیشورم پراجکٹ کی بے قاعدگیوں پر کارروائی کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی عہدوں سے زیادہ ان کے نزدیک ریاست کے مفادات اہمیت کے حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیم سیفٹی اتھاریٹی کی رپورٹ کے باوجود اگر تاخیر کی جاتی ہے تو کانگریس حکومت کا حشر بھی بی آر ایس حکومت کی طرح ہوگا۔ راؤنڈ ٹیبل اجلاس میں رکن قانون ساز کونسل پروفیسر کودنڈا رام ، سابق وزیر وجئے راما راؤ ریٹائرڈ جج جسٹس چندر کمار ، جل سادھنا سمیتی کے کنوینر این گوردھن اور دوسروں نے شرکت کی۔1