بدنام زمانہ سارق گرفتار ، مسروقہ 43 لیاب ٹاپ ضبط

   

حیدرآباد :۔ میر پیٹ پولیس نے ایک بدنام زمانہ لیاب ٹاپ سارق کو گرفتار کرلیا ۔ اور اس کے قبضہ سے 43 لیاب ٹاپ کو ضبط کرلیا ۔ جس کی مالیت 6 لاکھ 50 ہزار روپئے بتائی گئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایل بی نگر زون پولیس مسٹر نیرپت سنگھ نے بتایا کہ میر پیٹ پولیس نے ایک کارروائی میں 34 سالہ روی کرن کو گرفتار کرلیا جو ترکایمجل علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ روی کرن سابق میں چوری کی کئی وارداتیں انجام دے چکا ہے ۔ سوریہ پیٹ کوداڑ اور صوبیداری ورنگل میں اس کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ پولیس اس کے سابق مجرمانہ ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے اس کے خلاف انسداد غنڈہ گردی ایکٹ ( پی ڈی ) نافذ کرے گی ۔ روی کرن کل 18 مقدمات میں ملوث یہ سارق ایسے مقامات پر مشاہدہ کرتا تھا جہاں انجینئرنگ اور میڈیسن کے علاوہ دیگر طلبہ رہتے ہیں ۔ ان مقامات پر ایک سے زائد مرتبہ گھوم کر گشت کرتا تھا اور ان طلبہ کی نقل و حرکت پر نظر رکھتا تھا ۔ اکثر ایک روم میں تین تا 4 طلبہ اس طرح زندگی بسر کرتے ہوئے تعلیم حاصل کرتے ہیں اور وہ اپنے کمرے کی چابیوں کو مکان کے کسی حصہ میں چھپا کر جاتے ہیں ۔ یہ سارق چابی رکھنے کی جگہ کو دیکھ کر کمرے میں کسی کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتا تھا اور لیاب ٹاپ کا سرقہ کرلیا کرتا تھا ۔ مسروقہ لیاب ٹاپ کو ورنگل ، سکندرآباد ، حیدرآباد کے علاوہ مہاراشٹرا کے ممبئی شہروں میں فروخت کرتا تھا ۔ ڈی سی پی ، روی کرن کی گرفتاری پر اے سی پی ایل بی نگر مسٹر جے رام اور ان کی ٹیم کی ستائش کی ۔۔