بدنام زمانہ مجرم وکاس دوبے کا مکان پولیس نے منہدم کردیا

,

   

کانپور۔ اترپردیش کے ضلع کانپور کے چوبے پور میں بدمعاشوں کے ساتھ ہوئی جھڑپ میں مارے گئے 8پولیس اہلکاروں کے قتل کے کلیدی ملزم ہشٹری شیٹر وکاس دوبے کے مکان کو ضلع انتظامیہ نے زمین دوز کردیا ہے ۔پولیس ذرائع نے ہفتہ کو بتایا کہ اس خوفناک واردات کو انجام دینے کے بعد مفرور ہسٹری شیٹر وکاس دوبے اور اس کے ساتھیوں کی تلاش کے لئے 50سے زیادہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ مکان کی تلاشی کے دوران پولیس کو دیر رات ایک بیسمنٹ ملا ہے ۔ بنکر نما اس بیسمنٹ کو لکڑی کے پٹروں سے ڈھکا گیا تھا۔ پولیس نے بنکر کا سرا تلاش کرنے کے لئے اب مکان کو منہدم کردیا ۔پولیس نے مکان کے آس پاس کے علاقے کو سیل کردیا ہے اور یہاں پولیس کے علاوہ کسی کو بھی آنے کی اجازت نہیں ہے ۔پولیس ذرائع نے آج بتایا کہ بکرو گاؤں میں تقریبا 2بیگھے زمین پر بنے عالیشان مکان کے اندر ایک پورانا خستہ حال مکان بھی ہے ۔ پولیس مکان کے ہر ایک حصے کی باریکی سے چھان بین کرچکی ہے ۔احاطے کے چاروں جانب تقریبا 12فٹ اونچی چہار دیواری پر کانٹے بھی لگے ہوئے تھے ۔مکان کے مین گیٹ کے علاوہ تین اور گیٹ تھے جس میں سے بڑی گاڑیاں بھی آسانی سے نکل سکتی تھیں۔ سبھی گیٹوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگے تھے ۔ گھر میں باتھ روم سے لے کر واش بیسن تک سب جدید طرز کے بنے ہوئے تھے ۔ مکان کے احاطے کے ارد گرد چاک وچوبند سیکورٹی کا انتظام اس طرح سخت ہے کہ گیٹ پر پہنچتے ہی چوکیدار چوکنے ہوجاتے تھے ۔قابل ذکر ہے بکرو گاؤں میں جمعرات اور جمعہ کی رات ہشٹری شیٹر وکاس دوبے اور اس کے گروپ ممبران نے پولیس ٹیم پر اس وقت حملہ کردیا تھا جب دوبے کو گرفتار کرنے تین تھانوں کی پولیس وہاں پہنچی تھی۔ اس حادثے میں ایک پولیس سرکل افسر سمیت 8پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے ۔جبکہ دیگر سات شدید طور سے زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج چل رہا ہے ۔ اس حادثے کے بعد پولیس نے ایک دیگر مڈھ بھیڑ میں وکاس کے دو رشتہ داروں کو مار گرایا تھا۔چیف منسٹر ادتیہ ناتھ نے مہلوک پولیس ملازمین کے ورثاء کو فی کس ایک کروڑ روپئے ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا ہے۔