جواہر نگر ڈکیتی میں ملوث ملزمین گرفتار، کمشنر پولیس ملکاجگیری کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 16 جون (سیاست نیوز) ملکاجگیری پولیس نے بدنام زمانہ نیپالی ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے ٹولی کے اراکین کو گرفتار کرلیا۔ تقریباً 25 دن بعد پولیس نے جواہر نگر ڈکیتی کو حل کرتے ہوئے ڈکیتی میں ملوث ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ یہ بات کمشنر پولیس ملکاجگیری بی سماتی نے بتائی۔ انھوں نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ راجیش اور مینا کے علاوہ ڈانیل چروش، کرن، سمراٹ بنیا، بسوال، جنگر بہار اور کمل بہادر کو گرفتار کرلیا گیا۔ انھوں نے بتایا کہ منصوبہ بند طریقہ سے واردات کو انجام دیا گیا۔ مینا اس سازش کی اصل سرغنہ ہے جس کا تعلق نیپال سے ہے۔ انھوں نے بتایا کہ راجیش اور مینا چونکہ پہلے اس علاقہ میں کام کرچکے تھے۔ انھوں نے متاثرہ شخص کے مکان میں ملازمت حاصل کی اور پھر سمراٹ بینا کو مینا نے ہی ملازمت دلائی اور یہ لوگ خاموش مکان کا جائزہ لیتے رہے۔ ہر آنے جانے والے رشتہ دار اور دوست احباب کے علاوہ مکان میں موجود قیمتی اشیاء بالخصوص زیورات کی موجودگی کا پتہ لگایا جس کے بعد سالگرہ تقریب کے بہانے سرونٹ ہاؤز میں تقریب رکھی اور مکان مالکین کی اجازت سے اپنے ہم وطنی افراد کو طلب کرلیا جس کے بعد مکان مالک اور ان کی بیوی کو نامعلوم اشیاء دینے کے بعد ان کے ہاتھ پیر باندھ دیئے گئے اور مکان سے 60 تولہ سونا اور 15 کیلو چاندی اور تین ہزار امریکی ڈالر لے کر فرار ہوگئے۔ اطلاع کے بعد پولیس نے 6 خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا اور 255 کیمروں کی جانچ کی۔ نئی دہلی، لکھنؤ، بنگلورو، پونے اور ممبئی کے علاوہ نیپال پہونچ کر ایک کے بعد ایک گرفتاریاں انجام دی گئیں۔ع/V