مہاراشٹرا کے ملزمین چیرلہ پلی جیل میں محروس، کمشنر پولیس رچہ کنڈہ کے احکامات
حیدرآباد ۔ 18 ۔مئی (سیاست نیوز) بدنام زمانہ ڈاکوؤں کی ٹولی چڈی گینگ کے دو افراد کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا گیا ہے ۔ کمشنر پولیس رچہ کنٹہ نے آج اس خصوص میں احکامات جاری کردیئے ۔ 30 سالہ چوہان تارا سنگھ اور 24 سالہ سونو متوطن اکولہ ضلع مہاراشٹرا کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا۔ یہ بین ریاستی ڈاکوؤں کی ٹولی گوہان گینگ جو چڈی گینگ کے نام سے مشہور ہوئی ۔ اس ٹولی نے رچہ کنڈہ حدود کے بشمول ریاست میں کل 8 وارداتیں انجام دی، اس ٹولی کے ارکان کو ڈسمبر 2019 ء میں حیات نگر پولیس نے گرفتار کیا تھا اور ان کے قبضہ سے 150 گرام سونا ، 400 گرام چاندی ، 4 موبائیل فون ، تین ہزار روپئے نقد رقم ، ہتھیار ضبط کرلئے تھے اور اسے چیرلہ پلی جیل منتقل کیا گیا تھا ۔ اس ٹولی کا اصل سرغنہ چوہان تارا سنگھ ہے جو اصل میں بنگالی ہے لیکن مہاراشٹرا منتقل ہوگیا تھا ۔ اس نے اس کے ساتھ سونو بٹو ، گفتان، سیف علی ، صادق اور ساجد کے ساتھ مل کر بیڈ شیٹ کی فروخت کا کاروبار شروع کیا اور بیرونی ریاستوں میں گھوم کر اشیاء فروخت کرتے تھے ۔ تین سال قبل انہوں نے اپنے آپ میں ایک ٹولی تشکیل دی اور گومان گینگ کے نام سے شناخت بنائی جو بعد میں چڈی گینگ کے نام سے مشہور ہوئی ۔ پو لیس رچہ کنڈہ نے اس ٹولی کے ارکان میں دو کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا۔