بد امنی پیدا کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا:رام ناتھ کووند

,

   

نئی دہلی :صدر جمہوریہ کووِند نے 74 ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم سے اپنے خطاب میں چین کا نام لیے بغیر کہا کہ جب کورونا جیسی وباء سے عالمی برادری کو ایک ساتھ نمٹنے کی ضرورت ہے ، تو اس وقت ہمسایہ ملک نے توسیعی سرگرمیوں کو چالاکی سے انجام دینے کی غیر ضروری کوشش کی ہے۔ انھوں نے کہاکہ بد امنی پیدا کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ آج عالمی برادری ’گلوبل ولیج‘ یعنی ’پوری دنیا ایک ہی خاندان ہے‘ کی روایت کو قبول کر رہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کورونا سے سب سے زیادہ غریب متاثر ہوئے ہیں۔

یوم آزادی کے موقع پر 926پولیس پرسونل کو تمغے
نئی دہلی: یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر میں 926 پولیس اہلکاروں کو پولیس میڈل سے نوازا گیا ہے ، جن میں سے 215 پرسونل کو بہادری کا میڈل، 80 کو امتیازی کاموں کیلئے صدر جمہوریہ کا تمغہ اور 631 اہلکاروں کو خصوصی خدمات پر صدرجمہوریہ کے تمغے کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔ پولیس پرسونل کیلئے میڈل کا اعلان وزارت داخلہ نے کیا تھا۔ جموں وکشمیر پولیس کو سب سے زیادہ 81 بہادری کے تمغے ملے، جبکہ سنٹرل ریزرو پولیس فورس کو 55 اور اترپردیش پولیس کو 23، دہلی پولیس کو 16، مہاراشٹرا پولیس کو 14 اور جھارکھنڈ پولیس کو 12تمغے میڈل ملے ہیں۔ آسام پولیس کو پانچ، چھتیس گڑھ اور اروناچل پردیش کی پولیس کو تین، تلنگانہ کو دو اور بارڈر سکیورٹی فورس کو بہادری کا ایک تمغہ ملا ہے ۔