برصغیر کے مسلمان علامہ اقبال کے مقروض : عمران

   

اسلام آباد 9 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) برصغیر کے مسلمان ہمیشہ شاعر مشرق علامہ اقبال کے مقروض رہیں گے جنہوں نے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ پاکستان میں علامہ اقبال کی 142 ویں یوم پیدائش کے موقع پر عمران خان نے اپنے ایک پیام میں کہا کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں میں نیا جوش و جذبہ پیدا کیا تھا ۔ ان کی فکر و سوچ میں تبدیلی پیدا کی تھی اور انہیں ایک نظریاتی بنیاد بھی فراہم کی تھی تاکہ وہ اپنا کھویا ہوا وقار بحال کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ وقت ہے کہ علامہ اقبال کے پیام کو استعمال کرتے ہوئے سماج کی برائیوں کو ختم کرنے کی کوشش کی جائے ۔ ریڈیو پاکستان پر عمران خان کے اس بیان کو پیش کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر کے مسلمان ہمیشہ علامہ اقبال کے مقروض رہیں گے ۔ انہوں نے ملت اسلامیہ کیلئے بیش بہا خدمات انجام دی ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ خود کو با شعور بنانے علامہ اقبال کے پیام پر عمل کیا جائے ۔ انہوں نے پاکستانی قوم سے اپیل کی کہ وہ اس موقع پر اپنے آبا و اجداد کے خوابوں کی تکمیل کیلئے جدوجہد کرنے کا عزم کریں۔