ایک دن سفارتی عہدیدار کے طور پر موقع
حیدرآباد ۔11۔ اگست (سیاست نیوز) برطانوی ہائی کمیشن نے انٹرنیشنل ڈے آف گرل چائلڈ کے موقع پر 18 سے 23 سال عمر کی خواتین کو سفارتخانہ میں اہم عہدیدار کے طور پر ایک دن موقع فراہم کرنے کا پیشکش کیا ہے ۔ ہندوستان کی خواتین کے لئے یہ سہولت رہے گی جس کے لئے انہیں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اس موقع پر استفادہ کیلئے خواتین کو ملک کی دیرپا ترقی کے نشانوں کی تکمیل میں نوجوانوں کے رول کے موضوع پر ایک منٹ کا ویڈیو تیارکرنا ہوگا ۔ اس ویڈیو کو ٹوئیٹر ، فیس بک ، انسٹگرام یا لنکڈن پر شیئر کرتے ہوئے @UKinIndia کو ٹیاگ کرنا ہوگا۔ ہیش ٹیاگ کے طور پر #DayOfTheGirl کا استعمال کیا جائے۔ آن لائین درخواست فارم 18 اگست تک پر کرتے ہوئے اپنی انٹری درج کرائی جاسکتی ہے۔ ہندوستان میں برٹش ہائی کمشنر الیکس الیس نے کہا کہ G-20 کے صدر کی حیثیت سے ہندوستان جس طرح ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، اسی طرح دنیا بھر میں ترقی اور خوشحالی میں نوجوان بہتر رول ادا کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے ہندوستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ ہندوستان کے ذہین نوجوان آنے والے دنوں میں بہتر مستقبل کی قیادت کریں گے۔ دنیا کو درپیش اہم چیلنجس کے مقابلہ کیلئے لڑکیوں اور خواتین کی صلاحیتوں کے ساتھ مقابلہ ممکن ہے۔ بین الاقوامی یوم برائے گرل چائلڈ کے ذریعہ لڑکیوں اور خواتین کی حوصلہ افزائی کی جاسکتی ہے۔ برٹش ہائی کمیشن کی جیوری کامیاب امیدواروں کا انتخاب کرے گی جس کا سوشیل میڈیا چیانل پر اعلان کیا جائے گا ۔ ہر ایک کی جانب سے صرف ایک انٹری قابل قبول رہے گی ۔ ایک سے زائد انٹری پر نااہل قرار دیا جائے گا۔ ہائی کمیشن کا فیصلہ قطعی رہے گا اور اس سلسلہ میں کوئی مراسلت ممکن نہیں ہے ۔ ویڈیو ایک منٹ سے زائد نہ رہے اور زائد وقت کے ویڈیو مسترد کردیئے جائیں گے ۔ ویڈیو میں شخصی تفصیلات پیش کرنے سے گریز کیا جائے ۔ واضح رہے کہ برٹش ہائی کمیشن 2017 ء سے ہر سال 11 اکتوبر کو گرل چائلڈ کے عالمی دن کے موقع پر ہائی کمشنر فار اے ڈے پروگرام کا اہتمام کر رہا ہے ۔ گزشتہ سال لکھنو سے تعلق رکھنے والی جاگرتی یادو کو اہم سفارتی عہدیدار کے طور پر ایک دن موقع دیا گیا۔ انہوں نے کئی اہم شخصیتوں سے ملاقات کی تھی۔
