لندن ؍ اسلام آباد : پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ملزمان کی حوالگی کا دو طرفہ معاہدہ کیا ہے۔ برطانوی ہوم آفس کے مطابق اس معاہدے کے تحت غیر ملکی مجرموں اور غیر قانونی تارکین وطن کے سلسلے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔اس سلسلے میں برطانوی سکریٹری داخلہ پریتی پٹیل سے پاکستان کے سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان کے ہائی کمشنر معظم احمد خان کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ معاہدے کے بعد برطانوی ہوم سیکرٹری نے اپنے ٹویٹ میں کہا ‘ میں نے ایک سنگ میل بننے والے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ جس کے تحت برطانیہ سے مجرم اور غیرقانونی تارکین وطن کو پاکستان کے حوالے کیا جا سکے گا۔انہوں نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا ‘ میں ان غیر ملکی مجرموں اور غیر قانونی طرح پر برطانیہ میں موجود تارکین سے معذرت نہیں کرتی کیونکہ انہیں برطانیہ میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔