برطانیہ: سفری پابندیوں کیخلاف فضائی کمپنیوں کی قانونی کارروائی

   

لندن۔ برطانیہ کے ہوائی اڈوں اور فضائی کمپنیوں کے ایک گروپ نے حکومت کی جانب سے عائد کی گئی سفری پابندیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ جمعہ کو شروع ہونے والی اس کارروائی کے ذریعہ اس گروپ نے حکومتی وزرا کو چیلنج کیا ہے کہ وہ کورونا کے حوالے سے خطرناک ممالک کی درجہ بندی میں شفافیت پر مبنی فیصلے کریں۔ ٹرانسپورٹ کے وزیر گرانٹ شیپس کے خلاف قائم کیے گئے اس مقدمے کی پہلی سماعت لندن ہائی کورٹ میں ہوئی۔ قانونی چارہ جوئی کے اس اقدام میں مانچسٹر ایئرپورٹس گروپ پیش پیش ہے اور آر وائے اے، ایزی جیٹ، برٹش ایئر ویز کی مالک آئی اے جی اور ٹی یو آئی یو جیسی کمپنیاں اس کا ساتھ دے رہی ہیں۔ ان کمپنیوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت کو زیادہ لوگوں کو سفر کی اجازت دینی چاہیے۔