سی سی ایم بی کی رپورٹس کی تفصیلات بتانے سے حکومت کا گریز ۔ مرکز سے مزید اقدامات ممکن
حیدرآباد۔ برطانیہ سے واپس شہریوں میں کورونا جانچ اور تلنگانہ میں جملہ 20 کورونا مثبت پائے جانے کے بعد پیدا صورتحال کے دوران سی سی ایم بی نے محکمہ صحت کو بیشتر کی رپورٹ پیش کردی ۔ کہا جا رہاہے کہ سی سی ایم بی سے یہ پتہ لگانے کی خواہش کی گئی تھی کہ شہر اور ریاست میں برطانیہ سے واپس مسافرین میں کورونا وائرس کی نئی قسم پائی جا رہی ہے یا نہیں ! سی سی ایم بی کی رپورٹ کی پیشکشی کے باوجود محکمہ صحت نے کوئی انکشاف نہیں کیا ۔ کہا جا رہاہے کہ صحت ماہرین کی جانب سے سی سی ایم بی کی رپورٹ کا جائزہ لیا جا رہاہے ۔ برطانیہ میں نئے قسم کے کورونا وائرس کی حیدرآباد یا تلنگانہ میں موجودگی کے سلسلہ میں سی سی ایم بی رپورٹ کے ذریعہ ہی توثیق ممکن ہے اور رپورٹ ملنے کے باوجود تفصیلات کو پیش نہ کئے جانے پر شبہات پائے جانے لگے ہیں ۔ کہا جا رہاہے کہ اگر برطانیہ سے واپس شہریو ںمیں نئے قسم کا وائرس موجود ہوتا ہے تو متاثرہ شخص نے کتنے لوگوں کو متاثر کیا ہے اس کا پتہ لگایا جانا لازمی ہے ۔ محکمہ صحت سے یہ پتہ لگانے اقدامات کو تیز کرنا پڑے گا۔ ذرائع کے مطابق برطانیہ سے واپس ہونے والوں میں کورونا وائرس کے متاثرین کی رپورٹ کے تجزیہ کا مرکزی وزارت صحت نے فیصلہ کیا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ جلد مرکزی وزارت صحت کے عہدیداروں کی جانب سے تلنگانہ میں سی سی ایم بی کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کے علاوہ محکمہ صحت کے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد مزید اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ حکومت کو سی سی ایم بی کی رپورٹ کی تفصیلات سے واقف کروانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور برطانیہ سے واپس مزید شہریو ںکی تلاش جاری ہے ۔ جن شہریوں کو معائنہ کے بعد منفی رپورٹ وصول ہوئی ہے ان کا 7 دن بعد دوبارہ معائنہ کرنے پر غور کیا جا رہاہے تاکہ کسی بھی طرح کے شبہات باقی نہ رہیں ۔