لندن ۔ برطانیہ میں کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قریب فیکٹری میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ مقامی میڈیا کے مطابق واقعہ وارکشائر کاونٹی کے صنعتی علاقے میں پیش آیا۔ دھماکے کے بعد خوف ناک آگ بھڑک اٹھی اور دھویں کے گہرے سیاہ بادل میلوں دور تک پھیل گئے۔ زہریلے دھویں کے اخراج کے باعث لوگوں کو سانس لینے میں دقت کا سامنا رہا۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوع پر موجود ایک لاپتا شخص کو تلاش کیا جارہا ہے۔ حکام کی جانب سے شہریوں کو گھرو ں میں رہنے کی ہدایت کی گئی،جب کہ آگ پر قابو پانے کیلئے 12فائر انجن طلب کرلیے گئے۔ کیمیکل کے اخراج کے باعث ناگوار بو میلوں دور تک محسوس کی گئی اور دھویں کی وجہ سے حد نگاہ محدود ہوگئی۔