برطانیہ کی وزیر صحت بھی کورونا وائرس سے متاثر

,

   

لندن۔ 11مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کی وزیر صحت اور کنزرویٹو پارٹی کی رکن ِ پارلیمان نادین ڈورس بھی کورونا وائرس کی گرفت میں آگئی ہیں ۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ڈورس نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کے بعد کہا کہ اس بیماری کا پتہ لگنے کے بعد انہوں نے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کیں ہیں اور کچھ دنوں کیلئے انہوں نے خود کو سب سے الگ کر لیا ہے ۔ مڈ بیڈفورڈ شائر سے رکن ِ پارلیمنٹ ڈورس نے ایک بیان جاری کر کے کہا کہ برطانیہ کے محکمہ صحت نے ان لوگوں کا پتہ لگانا شروع کر دیا ہے جن کے ساتھ وہ رابطے میں تھیں ۔ محکمہ اور ان کا پارلیمانی دفتر ا ن تمام احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کر رہا ہے ۔ انہوں نے ٹویٹ کر کے کہا کہ ’’یہ بہت برا ہے لیکن میں اس سے نمٹنے کی امید کر رہی ہوں‘‘۔ ڈورس کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد صحت سیکریٹری میتھو ہنکوک سمیت تمام وزراء صحت اور ان کے ساتھ رابطے میں آنے والے دیگر حکام کا بھی ٹیسٹ کرایا جائے گا ۔ واضح ر ہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک چھ افراد کی موت ہو چکی ہے اور منگل کی شام تک ملک میں کورونا کے 382 معاملات کی تصدیق ہوئی ہے ۔