لندن : برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے جمعرات کو یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت میں تصدیق کی کہ ان کا ملک یوکرین کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے مزید 1,000 میزائل بھیجے گا۔اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر سونک نے کھیرسن سے روسی انخلا کو ایک “مضبوط پیش رفت” قرار دیا اور کہا کہ برطانیہ یوکرینی افواج کو سرد موسم کیلئے 25 ہزار سے زائد جیکٹس بھی فراہم کرے گا۔اس سے ایک روز قبل زیلنسکی نے کہا تھا کہ انہوں نے سونک کے ساتھ بحیرہ اسود کی بندرگاہوں کے ذریعے یوکرین سے اناج برآمد کرنے کے معاہدے کو جاری رکھنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا ہے۔اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر زیلنسکی نے کہا انہوں نے سونک کے ساتھ یوکرین کے لیے دفاعی تعاون اور موسم سرما کو برداشت کرنے میں مدد پر تبادلہ خیال کیا ہے۔یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب چہارشنبہ کے روز روس نے یوکرین کے جوابی حملوں کے تناظر میں اپنی افواج کو جنوبی یوکرین کے شہر خیرسن سے انخلا کا حکم دیا تھا اور اس کی افواج کو ایک اور سخت جھٹکا لگا تھا۔روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے یوکرین میں روسی آپریشنز کے کمانڈر جنرل سرگئی سورووکِن کے ساتھ ٹیلی ویڑن پر ملاقات کے دوران کھیرسن کے علاقے میں دریائے دنیپرو کے دائیں کنارے سے روسی افواج کے انخلاء کا حکم دیا۔ یوکرین پر روسی جارحیت نویں مہینے میں داخل ہوگئی ہے اور اس دوران مغرب نے یوکرین کو عسکری، لاجسٹک اور مالی طور پر مدد فراہم کرنا بھی جاری رکھی ہے۔