آج کل کی خواتین برقعہ کے معاملہ میں نہایت ہی حساس ہوگئی ہیں ۔ ہر عورت نئی جدت والے نت نئے ڈیزائن کے برقعہ پہننا چاہتی ہیں لیکن کوئی نئی چیز اپنانے سے پہلے ہمیں اس کی خوبیاں اور خامیوں پر نظر ڈالنا چاہئے ۔ برقعہ کا استعمال عورت کے حسن کو چھپانے کیلئے کیا جاتا ہے نہ دکھانے کیلئے ، آج کل بازار میں کئی قسم کے پُرکشش برقعہ دستیاب ہیں جو نہ صرف دعوت نظارہ دیتے ہیں بلکہ برقعہ کے اصل مقصد کو ہی ختم کردیتے ہیں ۔ کچھ خواتین چمکیلے اور محبت برقعہ پہن کر بازاروں میں گھومتی نظر آتی ہیں جو کہ مناسب عمل نہیں ہے ۔ عورت جتنا خود کو چُھپا کر رکھے گی اتنی ہی معتبر سمجھی جائے گی اور کچھ خواتین برقعہ تو پہنتی ہیں لیکن نہ کے برابر ہوتا ہے ۔ اسکارف کو برائے نام اُوڑھ لیتی ہیں ۔ جدید برقعہ ضرور پہنے لیکن اس بات کا خیال ضرور رکھیں کہ اس سے ہمارا پورا جسم ڈھک رہا ہو اور جسم کی ساخت نظر نہ آرہی ہو جو موٹے کپڑے والا ہو بالکل باریک نہ ہو ۔ غرض یہ کہ برقعہ کے مقصد کو ختم نہ ہونے دیں ۔ یہاں اس بات کو اگر دوبارہ تحریر کیا جائے تو بیجا نہ ہوگا کہ برقعہ خریدنے میں اس بات کا خیال ضرور کھیں کہ وہ حقیقتاً برقعہ نظر آئے تاکہ کوئی پسندیدہ جدید فیشن کا لباس ، یہ سوچ بھی غلط ہے کہ برقعہ خواتین کی ترقی میں رکاوٹ ہے ، ایسا بالکل نہیں ہے ۔ آپ برقعہ سے صرف اپنا جسم ڈھانپتی ہیں اپنا دماغ نہیں اور پڑھائی لکھائی کا راست تعلق انسان کے دماع سے ہوتا ہے ۔ اگر آپ حاضر دماغ ہیں تو آپ کو ترقی کی راہ پر گامزن ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔ اسلامی دنیا کا اگر جائزہ لیں تو کئی خواتین نے اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کیا اور برقعہ کبھی بھی اُن کی ترقی میں رکاوٹ نہیں بنا ۔ خواتین برقعہ کو بوجھ نہ سمجھیں بلکہ صرف اس بات کا خیال رکھیں کہ برقعہ صحیح معنوں میں برقعہ ہو ورنہ اگر برقعہ پہن کر بھی خاتون بے پردہ نظر آئے تو ایسا برقعہ بجائے احترام کے لوگوں کے مذاق کا موضوع بن جائے گا ۔
