حیدرآباد۔24 ۔ جولائی (سیاست نیوز)ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے ٹپہ چبوترہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں پولیس کی جانب سے شروع کردہ ’’ برقعہ پولیس مہم ‘‘ پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس سے عوام میں غلط فہمی پیدا ہونے کے زیادہ امکانات ہیں جس سے امن و امان کو بھی نقصان پہونچ سکتا ہے ۔ محمد محمود علی نے اس سلسلہ میں حیدرآباد پولیس کمشنر انجنی کمار سے بات چیت کی اور پولیس کی اس کارروائی پر برہمی کا بھی اظہار کیا اس طرح کی کارروائی دوبارہ نہ ہوپائے ۔ اس کا خیال رکھنے پر بھی زور دیا ۔ پولیس کی اس کارروائی کے بعد شہریوں میں بالخصوص پرانے شہر کے عوام میں بے چینی اور تشویش کی لہر پائی جاتی ہے ۔ کمشنر پولیس نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ شی ٹیم کو کچھ شکایتیں وصول ہوئی تھی جس کے بعد یہ کارروائی کی گئی ہے آئندہ ایسی مہم نہ چلانے کا کمشنر سٹی پولیس نے وزیر داخلہ کو تیقن دیا ۔
