برقی اداروں کو خانگیانے کی کوششوں کی مخالفت

   

اڈانی کمپنی سے معاہدہ کے خلاف برقی ملازمین کا احتجاج
حیدرآباد ۔ 12۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے پرانے شہر میں برقی بلز اور بقایہ جات کی وصولی کا کام اڈانی گروپ کو دیئے جانے سے متعلق فیصلہ کی الیکٹرسٹی ایمپلائیز جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مخالفت کی ہے۔ ایکشن کمیٹی نے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں ، ٹرانسکو اور جینکو کو خانگیانے کی کوششوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے عوامی اثاثہ جات ہیں۔ انہیں اڈانی یا امبانی کے حوالے نہیں کیا جاسکتا۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے انتباہ دیا کہ اگر حکومت خانگیانے کا عمل ترک نہیں کرے گی تو 55 ہزار ملازمین احتجاج کیلئے مجبور ہوجائیں گے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے روبرو دھرنا منظم کیا گیا۔ ملازمین کے نمائندوں نے حکومت اور اڈانی گروپ کے درمیان معاہدہ کی مخالفت کی اور کہا کہ معاہدہ کی تفصیلات تلنگانہ عوام کے روبرو پیش کی جائیں۔ محکمہ برقی کے ملازمین نے فیصلہ کو واپس لینے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر کو یادداشت پیش کرتے ہوئے ریاست میں برقی چوری پر قابو پانے اور بل کلکشن کو بہتر بنانے کیلئے جامع منصوبہ تیار کرنے کا مطالبہ کیا۔ 1