انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ کا امکان
حیدرآباد ۔ 11 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست میں برقی شرحوں پر نظرثانی کرنے کے تعلق سے الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن کی دی گئی مہلت ختم ہونے کے باوجود برقی سربراہ کرنے والی کمپنی ڈسکام نے شرحوں میں اضافہ سے متعلق کوئی تجاویز پیش نہیں کی۔ الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن (ای آر سی) نے آئندہ مالیاتی سال کے آغاز یکم ؍ اپریل سے برقی شرحوں میں اضافہ کرنا ہے تو 30 نومبر کو لازمی طور پر تجاویز پیش کرنے کی ڈسکام کو ہدایت دے کر ایک ہفتہ کی مہلت دی تھی جو 8 ڈسمبر کو ختم ہوگئی۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ ڈسکام کی جانب سے برقی شرحوں پر نظرثانی کی رپورٹ تیار کرلی ہے اور اس کو حکومت سے رجوع کردیا گیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کی منظوری کے بعد ہی الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن کو تجاویز روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاست میں مجالس مقامی ایم ایل سی کوٹہ الیکشن کے پیش نظر اس پر حکومت نے کوئی فیصلہ نہیں کیا کیونکہ انتخابی ضابطہ اخلاق نافذالعمل ہے۔ 14 ڈسمبر کو نتائج ہیں اس کے بعد ہی برقی شرحوں پر نظرثانی کے تعلق حکومت کی جانب سے فیصلہ کرنے کا امکان ہے۔ن