برقی کٹوتی کیخلاف کسانوں کا احتجاج ،چیف منسٹر کا پتلا نذرآتش

   

گمبھی راؤ پیٹ۔ یکم اکٹوبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) راجنا سرسلہ ضلع کے گمبھی راؤ پیٹ منڈل مرکز میں بجلی کی کٹوتی اور کم وولٹیج کے مسئلہ پر کسانوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ تلنگانہ امراؤ ہیروز کی یادگار کے قریب کاماریڈی۔ سدی پیٹ اہم شاہراہ پر کسانوں نے جلے ہوئے برقی موٹروں کو رکھ کر راستہ روکو احتجاج کیا۔ تقریباً دو گھنٹے تک کسان سڑک پر بیٹھے رہے اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔دھرنے کے دوران کسانوں نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کا پتلا نذر آتش کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے انہیں روک دیا۔ اطلاع ملنے پر تحصیلدار ماروتی ریڈی، ایس آئی سی۔ایچ سری کانت، سی آئی وینکٹیش اور محکمہ برقی کے اے ای آنند موقع پر پہنچے اور کسانوں کو سمجھانے کی کوشش کی۔ اس دوران معمولی بحث و تکرار بھی ہوئی۔ عہدیداروں کی جانب سے بجلی کے مسئلہ کو حل کرنے کی یقین دہانی کے بعد کسانوں نے دھرنا ختم کردیا۔احتجاج میں کسان کوکو دیویندر یادو، گھنٹہ اشوک، کوڈے رمیش، پرساد ریڈی، پونالا مہیش، ڈاکٹر ستیہ نارائنا، ملیا، پرشانت، راجیریڈی اور دیگر کسانوں نے شرکت کی۔