برقی کھمبوں سے کیبل اور انٹر نیٹ کے وائر ہٹانے ایک ہفتہ کی مہلت

   

مشرف فاروقی کا کیبل اور انٹر نیٹ پرووائیڈرس کے ساتھ اجلاس، غیر ضروری بوجھ سے انسانی جانوں کو خطرہ

حیدرآباد۔/7 اگسٹ ( سیاست نیوز) صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمٹیڈ مشرف فاروقی ( آئی اے ایس ) نے کیبل آپریٹرس اور انٹر نیٹ سرویس پرووائیڈرس سے اپیل کی ہے کہ برقی پولس سے کیبل اور دیگر میٹریل کو ہٹادیں جو راہگیروں، گاڑیوں اور الیکٹریسٹی اسٹاف کیلئے خطرہ بن چکے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں برقی پول پر کیبل اور انٹر نیٹ کے وائر کے نتیجہ میں برقی کے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ مشرف فاروقی نے کیبل آپریٹرس، انٹر نیٹ سرویس پرووائیڈرس اور کیبل اسوسی ایشنوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیبل وائر اور ان کے بنڈلس اور مختلف ٹیلی کام آلات کے نتیجہ میں برقی کھمبوں پر نہ صرف بوجھ پڑ رہا ہے بلکہ وہ جھکنے لگے ہیں۔ مشرف فاروقی نے کہا کہ فٹ پاتھس پر لٹکتے ہوئے کیبل عوام کی زندگی کیلئے خطرہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں کئے گئے سروے کا حوالہ دیا جس میں برقی کھمبوں پر غیر ضروری کیبلس اور دیگر میٹریل کی موجودگی سے الیکٹریسٹی اسٹاف کو درستگی کے کاموں میں رکاوٹ کا انکشاف کیا گیا ہے۔ منیجنگ ڈائرکٹر نے آپریٹرس اور انٹرنیٹ پرووائیڈرس کو لٹکتے ہوئے وائر فوری ہٹانے اور قواعد کے مطابق کیبل کی تنصیب کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اہم سڑکوں پر موجود کھمبوں کو اندرون ایک ہفتہ صاف کردیا جائے جبکہ دیگر علاقوں میں موجود کھمبوں کیلئے دو ہفتے کا وقت دیا گیا ہے۔ انچارج ڈائرکٹرس کے راملو، شریمتی شوبھا رانی، زونل چیف انجینئرس کے سائی بابا، نرسمہا سوامی، بھکشا پتی، پی آنند، نارائنا، سپرنٹنڈنگ انجینئرس اور دیگر عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔1