دبئی: انگلینڈ کے کرشماتی بیٹر جو روٹ کی آئی سی سی ٹسٹ بیٹرس کی درجہ بندی میں حکمرانی چہارشنبہ کے روز ختم ہوگئی، جب ان کے ہم وطن ہیری بروک نے نمبرایک مقام حاصل کرلی۔ دوسری جانب، ہندوستان کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ اور اسپنر رویندرا جڈیجہ نے طویل فارمیٹ میں بالترتیب بولروں اورآل راؤنڈرزکی درجہ بندی میں اپنا پہلا مقام برقرار رکھا۔ 25 سالہ ہیری بروک نے ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے آٹھویں ٹسٹ سنچری کے بعد جو روٹ کو پیچھے چھوڑا اور تازہ ترین آئی سی سی رینکنگ میں اپنے تجربہ کار ساتھی پر معمولی ایک پوائنٹ کی برتری حاصل کی۔ بروک کے کل 898 ریٹنگ پوائنٹس ہیں، جو روٹ سے ایک پوائنٹ زیادہ ہیں، اور وہ ہندوستانی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کے ساتھ ٹسٹ بیٹرس کے لیے برابر 34 ویں سب سے زیادہ ریٹنگ رکھنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔جو روٹ نے جولائی سے نمبر ایک مقام برقرار رکھا تھا، جب انہوں نے نیوزی لینڈ کے سابق کپتان کین ولیمسن کو اس مقام سے ہٹایا تھا۔ بروک نے نیوزی لینڈ کے خلاف انگلینڈ کی شاندار323 رنزکی فتح میں 123 اور55 رنز بنائے، جبکہ روٹ نے اسی ٹسٹ میں 3 اور 106 رنزکی اننگز کھیلیں۔ اگر آپ مجھ سے پوچھیں، بروکی اس وقت دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں، انگلینڈ کی ویلنگٹن میں فتح کے بعد روٹ نے ساتھی کھلاڑی کے تعلق سے کہا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے پاس ایک مکمل گیم ہے، وہ دباؤ جھیل سکتا ہے، وہ حملہ کرسکتا ہے، وہ آپ کے سر پر چھکا مار سکتا ہے، وہ آپ کے سر کے اوپر سے اسکوپ کرسکتا ہے، وہ اسپن کو مار سکتا ہے، وہ سیم کو مار سکتا ہے۔ اسے گیند کرنا بہت مشکل ہے۔ جسپریت بمراہ نے 890 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹسٹ بولرزکی رینکنگ میں اپنا پہلا مقام برقرار رکھا ہے ۔ ہندوستانی فاسٹ بولرکو جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا (856) اور آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ (851) سے سخت مقابلہ درپیش ہے۔ رویندرا جڈیجہ نے بھی 415 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں اپنی ٹاپ پوزیشن برقرار رکھی، جبکہ بنگلہ دیش کے کپتان مہدی حسن میراز (285) نے ویسٹ انڈیزکے خلاف سیریز کے بعد دو درجے ترقی کرتے ہوئے دوسرے نمبر پر جگہ بنائی۔