برڈ فلو ، تلنگانہ میں الرٹ ، 24 پولیس آؤٹ پوسٹ کا قیام

   

چکن کی قیمت میں گراوٹ ،عوام 150 روپئے فی کیلوبھی خریدنے کیلئے تیار نہیں
حیدرآباد۔ 12 فروری (سیاست نیوز) تلگو ریاستوں میں برڈ فلو کے واقعات میں بے تحاشہ اضافہ ہونے کے بعد تلنگانہ حکومت نے الرٹ جاری کیا ہے اور عوام کو چکن کے استعمال سے محتاط رہنے کا مشورہ دیا۔ تلنگانہ کی سرحدوں پر 24 پولیس آؤٹ پوسٹس قائم کرتے ہوئے آندھرا پردیش کے علاوہ پڑوسی ریاستوں سے تلنگانہ کو پہونچنے والے چکن کی گاڑیوں کو واپس کردیا جارہا ہے۔ برڈ فلو کے واقعات میں اضافہ ہونے کے بعد لوگ چکن خریدنے میں احتیاط کررہے ہیں جس کی وجہ سے چکن کی قیمت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ حیدرآباد میں عوام 150 روپئے کیلو چکن خریدنے کیلئے بھی تیار نہیں۔ حیدرآباد میں ہر روز اوسطاً 6 لاکھ کیلو چکن فروخت ہوتا ہے۔ برڈ فلو کے اثر کے بعد چکن کی فروخت میں 50% کمی آچکی ہے۔ چکن کی فروخت اچانک گھٹ جانے سے تاجرین میں تشویش پائی جارہی ہے۔ تلنگانہ کے اضلاع نظام آباد وغیرہ میں بڑے پیمانے پر مرغیاں فوت ہوجانے کے بعد دیگر اضلاع میں عہدیداروں کی جانب سے سخت احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ آندھرا پردیش کے ضلع مغربی گوداوری کے تنکو منڈل اور ضلع مشرقی گوداوری کے پیراولی منڈل میں برڈ فلو کے کیسیس درج ہوئے۔ ان مرغیوں سے نمونے حاصل کرکے جانچ کرنے کے بعد ان میں AVN فلونجا (H5N1-Bird Flu) کی نشاندہی ہوئی ہے۔ تلنگانہ کے اضلاع کھمم، بھدرادری کتہ گوڑم کی سرحدوں سے آندھرا پردیش کے مشرقی و مغربی گوداوری اضلاع کی سرحدوں ملتی ہیں، جس کی وجہ سے عہدیداروں نے یہاں پر سخت چوکسی اختیار کی ہوئی ہے۔ ضلع سوریہ پیٹ کے کوداڑ، راما پورم کے قریب ضلع نلگنڈہ کے ترملگری ساگر، وڈے پلی کے پاس چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں۔ 2