برکت پورہ میں نامراد عاشق کا طالبہ پر حملہ،ملزم گرفتار ، لڑکی کی حالت تشویشناک ، ڈی سی پی ایم رمیش

   

حیدرآباد ۔ /6 فبروری (سیاست نیوز) ایسا لگتا ہے کہ شہر حیدرآباد اسمارٹ اور سیف سٹی کے بجائے کرائم سٹی میں تبدیل ہورہا ہے ۔ آئے دن قتل ، غارت گری ، رہزنی کی وارداتیں یہاں کا کلچر بن گئی ہیں ۔ شہر کے مصروف ترین علاقے برکت پورہ میں ایک دل دہلانے والا واقعہ پیش آیا جس میں نامراد عاشق نے کم عمر طالبہ پر درانتی سے حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا ۔ پولیس نے اندرون چند گھنٹے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب 19 سالہ بھرت عرف سونو ساکن ستیہ نگر برکت پورہ اسی علاقہ کی ساکن 17 سالہ کم عمر طالبہ سے ایک طرفہ عشق کیا کرتا تھا اور اسے آئے دن ہراساں کررہا تھا ۔ کالج کو آنے جانے کے اوقات لڑکی کو نشانہ بنایا کرتا تھا ۔ بھرت کی اس حرکت سے تنگ آکر طالبہ کے ماں باپ نے حیدرآباد کی شی ٹیم سے شکایت درج کروائی تھی اور پولیس نے اسے پابند مچلکہ کیا تھا اور کونسلنگ بھی کی تھی ۔ لیکن وہ اپنی حرکتوں سے باز نہ آیا اور پولیس میں کی گئی کارروائی کا انتقام لینے کیلئے آج طالبہ کو اپنے مکان کے قریب نشانہ بناتے ہوئے اس پر ناریل کی درانتی سے اچانک حملہ کردیا ۔ بھرت نے لڑکی پر مسلسل وار کرتے ہوئے اسے 15 ضربات لگائے جس کے نتیجہ میں لڑکی شدید زخمی ہوگئی اور اسے فوری خانگی دواخانہ منتقل کیا گیا بعد ازاں ملک پیٹ کے کارپوریٹ دواخانہ منتقل کیا گیا ہے ۔ لڑکی کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون ایم رمیش نے اس سلسلے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بھرت عرف سونو کو اندرون چند گھنٹے گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس کے قبضے سے حملے میں استعمال کئے گئے مہلک ہتھیار کو بھی برآمد کرلیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ خاطی کے خلاف سخت دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اسے سزاء دلانے کیلئے ہرممکن کوشش کرے گی ۔