ماسکو : روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے مغربی تسلط کا مقابلہ کرنے کی کوشش کے لیے برکس ممالک سے عالمی توانائی مارکیٹ میں کردار ادا کرنے مطالبہ کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق روس رواں ہفتہ کے آخر میں بین الاقوامی توانائی فورم کی میزبانی کرے گا جس میں برکس توانائی کے وزرا کی ملاقات کا امکان ہے۔ پوٹن نے فورم کے شرکا اور مہمانوں کو لکھے گئے خط میں کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ نئی جغرافیائی سیاسی حقیقت کے تحت توانائی کے شعبہ میں تعاون کے ذریعے ممالک کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہوگا، تاکہ سماجی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں کردار ادا کیا جاسکے۔ انہوں نے برکس کے توانائی وزرا کے آئندہ ہونے والے اجلاس کے بارے میں کہا کہ توانائی کی منصفانہ منتقلی میں برکس ممالک کو کچھ مشترکہ اصولوں پر رضامند ہونے کے ساتھ عالمی توانائی مذاکرات میں برکس کے کردار کو مضبوط بنانے کے طریقوں کی تجاویز تیار کرنی ہوں گی۔