برکینا فاسو میں دہشت گردانہ حملے، 35افراد ہلاک

   

Ferty9 Clinic

اوگاڈوگو۔ 25دسمبر(سیاست ڈاٹ کام) مغربی افریقی ملک برکینا فاسو کے صوبے صوم میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں کم از کم 35افراد کی موت ہوگئی جس میں زیادہ ترخواتین شامل ہیں۔ صدر روچ مارک نے ایک بیان جاری کرکے یہ اطلاع دی۔صدر نے کہا،‘‘اس جارحانہ حملے میں کم از کم 35شہریوں کی موت ہوگئی جس میں زیادہ تر خواتین شامل ہیں۔میں متاثرین کنبوں کے تئیں اپنی تعزیت کااظہار کرتاہوں۔’’ اس حملے کے جواب میں فوج نے ایک مہم چلاکر 80دہشت گردوں کو مارگرایا اور ان کے اہم آلات اور گاڑیاں ضبط کرلیں۔ فوج کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق اس حملے میں فوج کے چار جوانوں کی موت ہوگئی۔اس کے علاوہ تقریباً 20 سلامتی افسر زخمی ہوگئے ۔اس حملے کے پیش نظر صدر روچ مارک نے ملک میں اگلے 48گھنٹوں کے لئے قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ صدر نے ٹویٹ کیا،‘‘اربندا میں منگل کو ہوئے دہشت گردا نہ حملے کے متاثرین کنبوں اور فوجیوں کی یاد میں میں نے 25دسمبر،بدھ کی نیم شب سے ملک میں اگلے 48گھنٹوں کے لئے قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ ’’واضح رہے کہ برکینا فاسو2016سے القاعدہ اوردولت اسلامیہ جیسی دہشت گردتنظیموں سے منسلک اسلامی گروپوں کی سرگرمیوں کا سامنا کررہاہے ۔