برہمانندم ملک کے دولتمند ترین کامیڈین‘490 کروڑ کے اثاثے

   

حیدرآباد۔/8 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کامیڈی اور طنز و مزاح انسان کو دباؤ اور مسائل میں راحت کا ذریعہ ہے۔ طنز و مزاح اور کامیڈی کے ذریعہ ہندوستان میں کئی نامور فلمی اداکاروں نے اپنی شناخت بنائی ہے۔ اداکاری سے ٹی وی شوز، فلموں، لائیو ایونٹس اور دیگر پروگراموں کیلئے کامیڈینس بھاری کمائی حاصل کررہے ہیں۔ ملک کے نامور کامیڈینس میںکپل شرما ، جانی لیور اور بھارتی سنگھ نے اپنی شناخت بنائی ہے۔ ملک کے انتہائی دولتمند کامیڈین کے اثاثہ جات کے بارے میں ان دنوں سوشیل میڈیا میں خبریں وائرل ہورہی ہیں۔ تلگو فلموں کے نامور کامیڈین برہمانندم کا شمار ہندوستان کے دولتمند کامیڈینس میں ہوتا ہے۔ اس سلسلہ میں مختلف رپورٹس شائع ہوئی ہیں جس کے مطابق جنوبی فلموں سے وابستہ برہمانندم 490 کروڑ کے مالک ہیں۔ رپورٹس میں کہا گیا کہ ان کی ماہانہ تنخواہ 2 کروڑ سے زائد ہے۔ برہمانندم ہر فلم کیلئے ایک تا دو کروڑ روپئے چارج کرتے ہیں جبکہ کمرشیل ایڈس کیلئے تقریبا ایک کروڑ ان کی فیس ہے۔ برہمانندم حیدرآباد میں انتہائی عالیشان زندگی بسر کررہے ہیں۔ 67 سالہ تلگو کامیڈین برہمانندم نے زیادہ فلموں میں کام کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے۔ وہ 1000 سے زائد فلموں میں اداکاری کے ذریعہ 6 ریاستی نندی ایوارڈز کے علاوہ ساؤتھ فلم فیر ایوارڈ اور دیگر سنیما ایوارڈز حاصل کرچکے ہیں۔