بریگزٹ سمجھوتہ، تھریسامئے کو پارلیمانی ووٹ میں شکست کا خطرہ

   

لندن 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی وزیراعظم تھریسامے کو بریگزٹ سمجھوتہ پر پارلیمنٹ میں آج مقرر تاریخی رائے دہی میں بدترین شکست کا سامنا ہے کیوں کہ وہ یوروپی یونین کے ساتھ طے شدہ سمجھوتہ پر مخالفتوں کا سامنا کررہی ہے جس سے دنیا کی پانچویں بڑی معیشت اُلجھن اور غیر یقینی سے دوچار ہوگئی ہے۔ بریگزٹ شیڈول کے لئے مقررہ تاریخ 29 مارچ کے لئے اب بمشکل دو ماہ باقی رہ گئے ہیں۔ برطانیہ ہنوز اس مسئلہ پر بُری طرح منقسم ہے کہ آئندہ کیا ہوگا۔ اس دوران رائے دہی کے بارے میں پیدا شدہ اُلجھن اور سنسنی سے تھریسامئے کی شکست کے خطرات اور اندیشوں میں اضافہ ہورہا ہے جس کے پیش نظر تھریسامے نے ارکان پارلیمنٹ سے کہاکہ ’جب تاریخ کی کتابیں لکھی جائیں گی عوام اس ایوان کا فیصلہ بھی دیکھیں گے‘۔