’بزدلانہ دہشت گرد حملے سری لنکا کے جذبے کو شکست نہیں دے سکتے‘

   

Ferty9 Clinic

کولمبو کے چرچ میں وزیراعظم مودی کی حاضری اور مہلوکین کو خراج ، صدارتی محل میں سرخ قالین استقبال کیساتھ سرکاری دورہ کا آغاز

کولمبو 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کو کولمبو کے کیتھولک چرچ کا دورہ کیا۔ یہ چرچ چند ہفتوں قبل ایسٹر کے موقع پر خوفناک دہشت گرد حملوں کا نشانہ بنا تھا جس میں کئی افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ وزیراعظم نے تمام مہلوکین کو خراج عقیدت ادا کیا اور کہاکہ ’اِس قسم کے بزدلانہ دہشت گرد حملے سری لنکا کے حقیقی جذبے کو شکست نہیں دے سکتے‘۔ وزیراعظم مودی کا قافلہ صدارتی محل کو روانگی کے دوران سینٹ اینتھونی چرچ پہنچا تھا۔ صدارتی محل میں اُن کے سرخ قالین استقبال کی تمام تیاریاں مکمل کی جاچکی تھیں۔ وزیراعظم مودی اپریل کے دوران ایسٹر کے موقع پر ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد سری لنکا کا دورہ کرنے والے پہلے بیرونی رہنما ہیں۔ اُنھوں نے اِس موقع پر اپنے مختصر خطاب میں کہاکہ ’’مجھے پورا یقین ہے کہ سری لنکا دوبارہ اُٹھ کھڑا ہوگا، دہشت گردی کے بزدلانہ حملے سری لنکا کے جذبہ کو شکست نہیں دے سکتے۔ ہندوستان اِس گھڑی میں سری لنکا کے عوام کے ساتھ پوری سالمیت اور یگانگت وابستہ کرتا ہے‘‘۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ (دہشت گرد حملے کے مہلوکین کے) خاندانوں اور زخمیوں کے تئیں میں اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔ واضح رہے کہ مغربی ساحلی شہر نیامبو میں واقع سینٹ سبسٹائن چرچ اور کولمبو کے سینٹ اینتھونی چرچ پر 9 سلسلہ وار تباہ کن دھماکے ہوئے تھے۔ علاوہ ازیں 3 بڑی ہوٹلوں کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ 2009 ء میں ہلاکت خیز تشدد اور جنگ بندی کے خاتمہ کے بعد یہ پہلا تباہ کن حملہ تھا۔ جس کی ذمہ داری اسلامک اسٹیٹ نے قبول کی تھی لیکن حکومت نے مقامی اسلامک انتہا پسند گروپ نیشنل توحید جماعت کو بمباری کے لئے مورد الزام ٹھہرایا ہے۔ مودی کا دورہ اپریل میں ایسٹر کے موقع پر ہوئے ہلاکت خیز دہشت گرد حملوں کے تناظر میں سری لنکا کے ساتھ ہندوستان کی سالمیت و یگانگت کی توثیق سمجھا جارہا ہے۔ وزارت اُمور خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’پہلا توقف … سینٹ اینتھونی چرچ؟ وزیراعظم مودی نے ایسٹر دہشت گرد حملوں کے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کولمبو کے سینٹ اینتھنی چرچ میں حاضری دی۔ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں ہندوستان سری لنکا کے ساتھ ہے‘‘۔ بعدازاں صدارتی محل میں سری لنکا کے صدر مائتری پالا سری سینا نے پرتپاک استقبال کیا۔ اِس موقع پر مائتری پالا کو مودی کے سر پر چھتری تھامے دیکھا گیا۔ اِس طرح وہ وزیراعظم مودی اور خود کو بارش سے بچارہے تھے۔