غازی آباد میں ایک مسلم سن رسیدہ شخص کی مبینہ طور پر داڑھی کاٹے جانے، مارپیٹ اور بدسلوکی سے وابستہ ایک وائرل ویڈیو کے معاملہ میں اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے راہل گاندھی کے الزامات پر پلٹ وار کیا ہے ۔ دراصل راہل گاندھی نے غازی آباد معاملہ میں ایک خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ میں یہ ماننے کیلئے تیار نہیں ہوں کہ شری رام کے سچے بھکت ایسا کرسکتے ہیں ، ایسی بربریت انسانیت سے کوسوں دور ہے اور سماج ومذہب دونوں کیلئے بربریت ہے ۔کانگریس کے سابق صدر کے اسی ٹویٹ کے جواب میں یوگی آدتیہ ناتھ نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پربھو شری رام کا پہلا درس ہے سچ بولنا ، جو آپ نے کبھی زندگی میں نہیں کیا ۔ شرم آنی چاہئے کہ پولیس کے ذریعہ سچائی بتانے کے بعد بھی آپ سماج میں زہر پھیلانے میں لگے ہیں ۔ اقتدار کے لالچ میں انسانیت کو شرمسار کررہے ہیں ۔ اترپردیش کے عوام کی بے عزتی کرنا ، انہیں بدنام کرنا چھوڑ دیں۔