بستروں کیلئے دوڑ دھوپ میں کورونا مریضوں کی اموات

   

علاج کیلئے اہم وقت ضائع،ہاسپٹلس سے فوری رجوع کرنے ڈاکٹرس کا مشورہ
حیدرآباد: خانگی اور کارپوریٹ ہاسپٹلس میں بستروں کے لئے دوڑ دھوپ کے دوران کورونا کے مریضوں کا قیمتی وقت ضائع ہورہا ہے جس کے نتیجہ میں کئی اموات واقع ہوئیں۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کے مطابق بروقت علاج اور طبی امداد نہ ملنے کے سبب اموات واقع ہورہی ہیں۔ سرکاری ہاسپٹلس میں حالیہ عرصہ میں فوت ہونے والے 43 مریضوں میں سے 15 ایسے ہیں جنہوں نے خانگی ہاسپٹلس کے چکر کاٹنے میں وقت گنوادیا اور حالت انتہائی خراب ہونے کے بعد سرکاری ہاسپٹل سے رجوع ہوئے۔ گاندھی ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راجا راؤ نے بتایا کہ بیشتر مریض علاج کے سلسلہ میں قیمتی وقت گنوانے کے بعد سنگین صورتحال میں دواخانہ سے رجوع کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاج کے سلسلہ میں وقت ضائع کرنے کے بعد مریض کو فوری طبی امداد کی ضرورت پڑتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گاندھی اور دیگر ہاسپٹل سے رجوع ہونے والے بیشتر مریضوں کی حالت سنگین ہوتی ہے اور وہ رقم کی کمی یا پھر خانگی ہاسپٹلس میں داخلہ سے انکار کے بعد سرکاری دواخانہ سے رجوع ہورہے ہیں۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ بستروں کیلئے خانگی اور کارپوریٹ ہاسپٹلس کے چکر کاٹنے کے بجائے راست طور پر سرکاری ہاسپٹلس سے رجوع ہوں تاکہ مریض کو فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے۔ کورونا کے مرض میں علاج میں تاخیر نقصان دہ ثابت ہوتی ہے اور اکثر لوگ مریضوں کو یا تو گھر میں رکھے ہوئے ہیں یا پھر کئی دن کارپوریٹ ہاسپٹلس کے چکر کاٹنے میں ضائع کر رہے ہیں۔