بسم اللہ ،قرآن پاک اورہر دنیوی اوردینی جائز کام کی کنجی ہے اور امراض میں شفا ہے

   

جامع مسجد محمدی ساؤتھ لالہ گوڑہ میں مفتی حافظ محمد مستان علی قادری کا خطاب
حیدرآباد21/اپریل(راست) جامع مسجد محمدی ساؤتھ لالہ گوڑہ سکندرآباد میں مفتی حافظ محمد مستان علی قادری بانی و ناظم اعلیٰ جامعۃ المؤمنات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بسم اللہ کے بے شمار فضائل وفوائد ہیں ، بسم اللہ قرآن پاک کی کنجی ہے اورہر دنیوی اوردینی جائز کام کی کنجی ہے ، جو کام بسم اللہ کے بغیر کیا جائے ناقص رہتا ہے۔ جو شخص کسی جانور پر سوار ہوتے وقت بسم اللہ اور الحمد للہ پڑھ لے تو اس جانور کے ہر قدم پر اس سوار کے حق میںایک نیکی لکھی جائے گی ، جو بیمار بسم اللہ کہہ کر دوا پئے انشاء اللہ اسکو دوافائدہ دے گی۔جو شخص اپنی بیوی کے پاس جاتے وقت بسم اللہ پڑھ لے تواس میںشیطان شریک نہ ہوگا اوراگر اس صحبت سے حمل قائم ہوجائے تواس حمل کا بچہ اپنی زندگی میں جس قدر سانس لے گا اس قدر اس کے باپ کے اعمال میںنیکیاں لکھی جائیںگی ، جنت کی چار نہریں بسم اللہ الرحمن الرحیم سے بہتی ہیں جو شخص بسم اللہ الرحمن الرحیم کثرت سے پڑھتا ہے وہ ان نہروں کا حقدار بن جاتا ہے۔آپ ﷺ نے فرمایا کہ ہر جائز کام بسم اللہ سے شروع کروجب دروازہ بند کرو تو اللہ کا نام لیا کرو، دیابجھاؤ تو اللہ کا نام لیا کرو۔ اپنے برتن ڈھانپوتو اللہ کا نام لیا کرو، اپنی مشک کا منہ باندھو تو اللہ کا نام لیا کرو۔ حدیث شریف میں ہر اچھے اور مفید کام کو بسم اللہ پڑھ کر شروع کرنے کی تلقین کی گئی ہے جس میں نہایت لطیف پیرائے میں یہ تعلیم دی گئی ہے کہ کائنات کی ہر چیز کا وجود اللہ کی رحمتوں کا مظہر ہے ،لہذا احسان شناسی کا یہ تقاضا ہے کہ منعم ومحسن کے انعامات واحسانات سے فائدہ اٹھاتے وقت اس کے نام سے اپنی زبان کو تروتازہ رکھا جائے۔ مفتی مستان علی نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ کثرت سے بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑھیں ، اس میںخیروبرکت بھی ہے اوراس کی تلاوت سے ہونے والے نقصانات ختم ہوجاتے ہیںاورفائدہ زیادہ ہوتے ہیں۔