بس کو آگ لگ گئی لیکن 45 مسافر کرشماتی طور پر محفوظ

   

Ferty9 Clinic

گوالیار، 25 نومبر (آئی اے این ایس) ایک دہلانے والے واقعے میں جو کسی بڑے سانحے میں بدل سکتا تھا گڑگاؤں سے مدھیہ پردیش کے ضلع پنا جانے والی 45 مسافروں سے بھری ایک بس گوالیارکے اولڈ کینٹونمنٹ تھانہ علاقے میں ممبئی ہائی وے پر اچانک آگ کی لپیٹ میں آگئی۔ یوپی رجسٹریشن نمبر ویڈیو کوچ بس چند ہی منٹوں میں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی، لیکن ڈرائیور اور مسافروں کی بروقت ہوشیاری کی بدولت کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ یہ واقعہ آدھی رات کے قریب اس وقت پیش آیا جب بس مورینا سرحد پارکرکے گوالیار میں داخل ہوئی۔ پولیس کے مطابق زیادہ تر مسافر، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، طویل رات کے سفر کے لیے تیاری کر رہے تھے اورکئی سو چکے تھے۔ عینی شاہدین اور زندہ بچ جانے والوں نے بتایا کہ ایک مسافر نے سب سے پہلے پچھلے ٹائر یا ممکنہ طور پرکسی الیکٹرک تار سے چنگاریاں نکلتی دیکھی جب بس مدھم روشنی والے کینٹونمنٹ علاقے سے گزر رہی تھی۔ بس ڈرائیور انیل شرما نے انتہائی ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوراً گاڑی کو سڑک کے کنارے روک لیا۔ وہ بمشکل 200 میٹر کے فاصلے پر ایک فیول اسٹیشن سے پہلے ہی بریک لگا کر رک گئے ایک ایسی جگہ جہاں آگ پھیلنے کی صورت میں بڑا دھماکہ ہو سکتا تھا۔ شرما نے موقع پر موجود صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا مجھے احساس تھا کہ ہمارے پاس صرف چند سیکنڈ ہیں۔ میں نے سب کو پہلے پچھلے دروازے سے نکلنے کیلئے آواز دی۔ مسافروں نے جتنی جلدی ہوسکا، ہینڈ بیگ، دوپٹے اور چند بیگ اٹھائے اور ٹھنڈی نومبرکی رات میں باہر کودگئے۔ بچے چیخ رہے تھے اور والدین انہیں تسلی دے رہے تھے، لیکن اس کے باوجود انخلا منظم انداز میں محض دو منٹ میں مکمل ہوگیا۔