بشوا بھوشن ہری چندن گورنر آندھرا پردیش مقرر

   

Ferty9 Clinic

راشٹرپتی بھون سے اعلامیہ جاری کردیا گیا
حیدرآباد 16 جولائی (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے آندھراپردیش کے نئے گورنر کی حیثیت سے اڑیسہ سے تعلق رکھنے والے سینئر قائد بی جے پی و سابق وزیر مسٹر بشوا بھوشن ہری چندن کا تقرر کیا ہے۔ اس سلسلہ میں راشٹراپتی بھون سے احکامات جاری کئے گئے۔ علاوہ ازیں چھتیس گڑھ گورنر کی حیثیت سے محترمہ انسویا اوکینو کا تقرر عمل میں لایا گیا۔ متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم سے اب تک تلگو ریاستوں کے مشترکہ گورنر کی حیثیت سے ای ایس ایل نرسمہن فرائض انجام دے رہے تھے ۔ گزشتہ چند روز قبل سے آندھراپردیش کیلئے نئے گورنر کا تقرر عمل میں لانے پیش قیاسیاں جاری تھیں۔ ایک موقع پر سابق وزیر خارجہ سشما سوراج کے گورنر آندھراپردیش تقرر عمل میں آنے کی اطلاعات بھی عام ہوئی تھی لیکن آج مسٹر بشوا بھوشن ہری چندن کا بحیثیت گورنر آندھراپردیش تقرر عمل میں لانے راشٹراپتی بھون سے احکام جاری کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق مسٹر بشوا بھوشن ممتاز ایڈوکیٹ اور جن سنگھ قائد ہیں۔ جنتا پارٹی میں 1977 میں جنرل سکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ بعدازاں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرکے 1980 تا 1988 اڑیسہ کے بی جے پی صدر رہے اور پانچ مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے ۔ سال 2004 ء میں بیجو جنتادل اور بی جے پی حکومت میں وزیررہے۔ بشوا بھوشن نے حلقہ جات چلیکا اور بھونیشور سے اسمبلی میں نمائندگی کی تھی۔