کیلی فورنیا: امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا میں ایک شخص بطخ اور اس کے بچوں کو سڑک پار کراتے ہوئے موت کا شکار ہوگیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق بطخ اپنے بچوں کے ہمراہ ایک مصروف شاہراہ کو پار کرنے کی کوشش کر رہی تھی جسے دیکھ کر کئی لوگوں نے اپنی گاڑیاں روک دیں۔ایسے میں 41 سالہ کیسی ریوارا نے اپنی گاڑی سے اتر کر تالیاں بجا کر اور ہاتھ سے اشارہ کر کے بطخ اور اس کے بچوں کو سڑک پار کرنے میں مدد کی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق بطخ اور اس کے بچوں کی مدد کے بعد اپنی گاڑی کی طرف آنے کے دوران شہری کو اچانک ایک گاڑی نے ٹکر مار دی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔مقامی پولیس کے مطابق بطخ کو بچانے والے شخص پر گاڑی چڑھانے والے 17 سالہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔مقامی لوگوں نے کیسی ریوارا کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے حادثے کی جگہ پر پھول اور ربڑ کی بطخیں بھی رکھیں۔