بغداد ہوائی اڈے پر راکٹ اور ڈرون حملے

   

بغداد : عراق میں سیکورٹی ذرائع کے مطابق آج جمعے کے روز بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو چھ راکٹوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔مقامی میڈیا نے مذکورہ ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ داغے جانے والے راکٹ رن وے اور عمارت کے ایک جانب گرے۔ جس کے نتیجہ میں ایک طیارے اور ایک تنصیب کو نقصان پہنچا ، مذکورہ طیارہ خارج از خدمت تھا۔ مزید یہ کہ راکٹ شکن نظام نے کچھ راکٹوں کو ہوائی اڈے کے اطراف میں مار گرایا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک ڈرون طیارے کے حملے میں امریکی فوجی اڈے وکٹوریا کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ کارروائی صبح 4بجے کی گئی تاہم دفاعی نظام(C-RAM) اس ڈرون کو اپنے ہدف تک پہنچنے سے قبل مار گرانے میں کامیاب رہا۔عراقی فضائی کمپنی نے ہوائی اڈے پر راکٹوں سے حملے میں بعض خارج از خدمت طیاروں کو نقصان پہنچنے کا اعلان کیا۔ کمپنی کے مطابق مسافروں کے لیے پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔رواں ماہ میں امریکی فوجی اڈے وکٹوریا پر یہ تیسرا حملہ ہے۔