بقرعید میں گائے کی قربانی سے گریز کیا جائے

   

وزیر داخلہ محمد محمود علی کا مسلمانوں کو مشورہ
حیدرآباد۔16 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ وہ عید الاضحیٰ کے موقع پر گائے کی قربانی سے گریز کریں۔ چارمینار کے قریب ٹی آر ایس کی رکنیت سازی مہم کے آغاز کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمود علی نے کہا کہ ہمیں ہندو بھائیوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے گائے کی قربانی سے گریز کرنا چاہئے کیونکہ ہندو مذہب میں گائے کا نہ صرف احترام کیا جاتا ہے بلکہ اس کی پوجا کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے فیصلہ کے ذریعہ ہم باہمی اخوت اور بھائی چارہ کو مستحکم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گائے کے بجائے چھوٹے جانور اور دیگر جانوروں کی قربانی دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و ضبط کی برقراری کے سلسلہ میں تلنگانہ پولیس چوکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں کی منتقلی کے سلسلہ میں اگر کوئی رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کرے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ ہندو مسلم اتحاد کا گہوارہ ہے اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گنگا جمنی تہذیب کے فروغ میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قلی قطب شاہ نے چارمینار تعمیر کیا جس کے چاروں مینار ہندو ، مسلم ، سکھ اور عیسائی کی علامت ہیں۔ قلی قطب شاہ کے بعد کے سی آر وہ واحد رہنما ہیں جنہوں نے ان چاروں مذاہب کو جوڑے رکھنے کا کام کیا ہے ۔