بقر عید کے موقع پر برقراری امن اور صفائی انتظامات کی ہدایت

   

شرپسندوں کو سخت انتباہ ،گلبرگہ میں امن کمیٹی کا ا جلاس ، ڈپٹی کمشنر فوزیہ ترنم اور دیگر کا خطاب

گلبرگہ 28جون : (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محترمہ فوزیہ ترنم ڈپٹی کمشنر گلبرگہ نے عہدیداران کو ہدایت دی ہے کہ وہ بقرعید کے دوران امن برقرار رکھیں اور قربان کے گئے جانوروں فضلہ کا سائینٹفک انداز میں نکاسی کروائیں ۔امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 29جون کو بقرعید کو پر امن طریقہ پر منعقد کروانے کیلئے عہدہ داران تمام تیاریاں مکمل کرلیں ۔اس موقع پر گلبرگہ میونسپل کارپوریشن کے کمشنر بھونیش پاٹل دیو داس نے کہا کہ شہر گلبرگہ میں گوشت اور فضلہ کی باقیات کو تین دنوں تک جمع کرنے کے لئے 196مزدوروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔ یہ مزدور اس موقع پر فضلہ جمع کرنے کیلئے ہر مکان پر جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر آف پولیس اڈور سرینواسلو نے کہا کہ امن عامہ کو درہم برہم کرنے کے لئے شر پسند عناصر کی عید کے موقع پر افواہیں پھیلانے کا بھی امکان ہے۔ لہذا شہریان کو ایسی خبروں یا ایسے پیغامات کو پھیلانا نہیں چاہئے ۔ انھوں نے کہا کہ اس معاملہ میں قصور وار افراد کے خلاف ان کے قریبی پولیس اسٹیشنوں میں سخت کاروائی کی جائیگی ۔ اس اجلاس میں شریک انیمل ہسبنڈری ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائیریکٹر ایس ڈی اواتی نے کہا کہ ضلع گلبرگہ میں جانوروں اور اونٹوں کی غیر قانونی منتقلی کو روکنے کیلئے پولیس کی 11ٹیمیں تیار کی گئی ہیں ۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سریندھی اور مختلف محکموں کے عہدہ داران بھی اس اجلاس میں شریک تھے۔ پولیس عہدہ داران نے کالگی گائوں میں بھی ایک امن اجلاس منعقد کیا تاکہ عیدکے دوران امن برقرار رہ سکے ۔ سرکل پولیس انسپکٹر ونائیک نائیک نے کہا کہ کنداگول اور مڈبول میں بھی چیک پوسٹس قائم کئے گئے ہیں تاکہ جانوروں کی غیر قانونی منتقلی کو روکا جاسکے ۔ انھوں نے متنبہ کیا کہ اس طرح کی حرکتوں میںملوث افراد کے خلاف قانونی کاروائی کی جائیگی ۔