بھونیشور : اوڈیشہ حکومت نے ہفتہ کو ریاست بھر میں بلاک سطح کے اسٹیڈیموں کی تعمیر کے لئے پانچ برسوں میں 4124 کروڑ روپے کے بجٹ کو منظوری دی۔ اس اقدام کا مقصد نچلی سطح پر کھیلوں کے ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور کھیلوں کے ایک مضبوط ماحولیاتی نظام کو فروغ دینا ہے ۔ کابینہ نے وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں اس پروجیکٹ کو منظوری دے دی، جس میں اڈیشہ میں صحت، فلاح وبہبود اور کھیلوں کی عمدہ کارکردگی کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔ ہفتہ کو اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ، ماجھی نے کہا کہ یہ پہل دیہی کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے میں اہم فرق کو دور کرے گی، خاص طور پر بلاک کی سطح پر، جہاں سہولیات کم ترقی یافتہ ہیں۔ یہ عدم مساوات طویل وقت سے ریاست کی کھیلوں کی تیزرفتار ترقی میں رکاوٹ بن رہی ہے ۔