جی ایچ ایم سی کے مالی موقف کو مستحکم کرنے کے اقدامات
حیدرآباد۔15ڈسمبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے طراف و اکناف میں سرکاری اراضیات کی فروخت کے ذریعہ مالیہ حصول کے اقدامات کے بعد اب مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد بھی بلدی حدود میں موجود جائیدادں ‘ اراضیات اور کامپلکس کو لیز پر دیتے ہوئے کارپوریشن کی معیشت کو مستحکم کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔ شہر حیدرآباد و سکندرآباد کی جن جائیدادوں کو لیز پر دینے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ان میں ہری ہراکلا بھون ‘ بدھا بھون‘ عابڈس جی ایچ ایم سی کامپلکس کے علاوہ امیر پیٹ اور پرانے شہر میں موجود جی ایچ ایم سی کامپلکس کو طویل مدتی لیز پر دینے کا فیصلہ کیا جاچکا ہے اور اس سلسلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہواجس میں یہ فیصلہ کیا جاچکا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران شہرمیں موجود اسپورٹس کامپلکس کو بھی لیز پر دینے کا جائزہ لیا گیا اور کہا جا رہاہے کہ بلدیہ کی مالی حالت کو بہتر بنانے کیلئے اثاثوں کو لیز پر دیتے ہوئے خانگی کمپنیوں سے بھاری رقومات کی وصولی کو یقینی بنایاجاسکتا ہے اور اس سے ہونے والی آمدنی کا جائزہ لینے کے بعدشہری حدود میں موجود بلدیہ کے اسپورٹس کامپلکس و دیگر جائیدادوں کو لیز پر دینے کا جائزہ لیا جائے گا۔م