عوام میٹرو ریل کے منتظر، منتخب نمائندوں کے وعدے وفا نہ ہوئے
حیدرآباد۔شہر میں مجوزہ بلدی انتخابات کو نظر میں رکھتے ہوئے شہر کی ترقیاتی سرگرمیوں کو حکومت کی جانب سے اجاگر کرنے کے علاوہ ریاستی حکومت کی جانب سے شہر حیدرآباد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں کئے جانے والے ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے علاوہ نئے منصوبوں کے اعلان کی تیاریاں کی جا رہی ہیں لیکن ان میں پرانے شہر کے عوام سے کئے گئے وعدوں کو نظر انداز کیا جانے لگا ہے۔ ریاستی حکومت کے علاوہ پرانے شہر کے علاقوں سے منتخب ہونے والے عوامی نمائندوں کی جانب سے گذشتہ عام انتخابات قبل شروع ہونے والی سرگرمیوں کے دوران اس بات کا اعلان کیا گیا کہ اندرون چند یوم پرانے شہر میں میٹرو ریل کے کاموں کا آغاز کردیا جائے گا لیکن اب جبکہ انتخابات ہوئے ایک سال سے زائد کا عرصہ گذر چکا ہے اس کے باوجود پرانے شہر میں میٹرو ریل کے کاموں کی شروعات نہیں کی گئی اور نہ ہی ان کاموں کے سلسلہ میں کوئی پیشرفت کی اطلاع ہے ۔ گذشتہ جی ایچ ایم سی انتخابات سے قبل ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ کی جانب سے موسی ندی کو خوبصورت بنانے کے پرراجکٹ کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اب دوبارہ انتخابات سے عین قبل ان کی جان بسے موسی ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ کا جائزہ لیا جا رہاہے۔
پرانے شہر میں حکومت کی جانب سے دو ملٹی اسٹوری پارکنگ کامپلکس کے لئے جگہ کی نشاندہی کرتے ہوئے انتخابات کے فوری بعد ان کے تعمیری کاموں کا اعلان کیا گیا تھا لیکن جن اراضیات کی نشاندہی اس مقصد کے لئے کی گئی تھی وہاں اب تک کوئی سرگرمیاں شروع نہیں کی جا سکی ہیں بلکہ ان اراضیات کی حالت جوں کی توں برقرار ہے۔ ریاستی حکومت نے معظم جاہی مارکٹ سے چارمینار تک مونو ریل کے منصوبہ کو قطعیت دینے کا اعلان کیا تھا اور کہا گیا تھا کہ معطم جاہی مارکٹ سے چلائی جانے والی مونو ریل چارمینار کے علاوہ گنبدان قطب شاہی تک چلانے کی منصوبہ بندی کی جائے گی اور اس سلسلہ میں بیرون ملک کے ماہرین کے ہمراہ اجلاس بھی منعقد کئے گئے اور ان علاقوں کی نمائندگی کرنے والوں نے حکومت کے ان اعلانات کا سہرا اپنے سر باندھنے کی کوشش کی لیکن اب تک بھی مونو ریل کا کوئی پتہ نہیں ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں کئے گئے اعلانات کے سلسلہ میں تاحال بلدیہ کو ئی مراسلت موصول نہیں ہوئی ہے اسی لئے جی ایچ ایم سی اس مسئلہ پر کچھ بھی کہنے سے قاصر ہے۔