بلدی حلقے دبیر پورہ کے ضمنی چنائو کیلئے عسکر علی بیگ کانگریس امیدوار

   

حیدرآباد۔ 9 جنوری (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے بلدی وارڈ دبیرپورہ کے ضمنی چنائو کے لیے کانگریس نے مرزا عسکر علی بیگ سابق بلاک کانگریس صدر کو پارٹی امیدوار نامزد کیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے عسکر علی بیگ کی امیدواری کو منظوری دی ہے۔ صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی اور سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے بتایا کہ چارمینار اسمبلی حلقے کے تحت وارڈ نمبر 30 دبیرپورہ کے ضمنی چنائو میں عسکر علی بیگ کے نام کی تجویز سٹی کانگریس کمیٹی کی جانب سے پیش کی گئی تھی جسے منظوری دے دی گئی۔ واضح رہے کہ اس بلدی حلقے میں پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی کل 10 جنوری آخری تاریخ ہے جبکہ 22 جنوری کو رائے دہی مقرر ہے۔ رائے دہی کیلئے بیلٹ پیپر کا استعمال کیا جائے گا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر مرزا مصطفی علی بیگ کے فرزند عسکر علی بیگ کی امیدواری پر شہر کے کانگریس قائدین نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔ محمد فیروز خان، شیخ عبداللہ سہیل اور دیگر قائدین نے پرانے شہر میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے عسکر علی بیگ کی امیدواری کا اعلان کیا۔